فضائل اعمال ۔ یونیکوڈ ۔ غیر موافق للمطبوع |
|
مَیں دیکھ رہاہوں، اُس نے کہاکہ: میری حالت وہی تھی جوماںنے بیان کی تھی، مَیں نے پوچھا: پھر یہ مرتبہ کیسے حاصل ہوگیا؟ اُس نے کہاکہ: ہم ستّر ہزار آدمی اُسی عذاب میں مبتلاتھے جو میری ماں نے آپ سے بیان کیا،صُلَحا میں سے ایک بزرگ کا گزر ہمارے قبرستان پرہوا، اُنھوںنے ایک دفعہ درود شریف پڑھ کر اُس کا ثواب ہم سب کو پہنچادیا، اُن کا درود اللہ تعالیٰ کے یہاں ایسا قبول ہواکہ اُس کی برکت سے ہم سب اُس عذاب سے آزاد کردیے گئے، اور اُن بزرگ کی برکت سے یہ رُتبہ نصیب ہوا۔ (بدیع) ’’روض الفائق‘‘ میں اِسی نوع کا ایک دوسرا قصہ لکھا ہے کہ: ایک عورت تھی، اُس کا لڑکا بہت ہی گنہگار تھا، اُس کی ماں اُس کو باربار نصیحت کرتی؛ مگر وہ بالکل نہیں مانتاتھا، اِسی حال میں وہ مرگیا، اُس کی ماں کو بہت رنج تھا، کہ وہ بغیر توبہ کے مرا، اُس کو بڑی تمنا تھی کہ کسی طرح اُس کو خواب میں دیکھے، اُس کو خواب میںدیکھاتو وہ عذاب میں مبتلاتھا، اِس کی وجہ سے اُس کی ماں کو اَور بھی زیادہ صدمہ ہوا، ایک زمانے کے بعد اُس نے دوبارہ خواب میں دیکھا تو بہت اچھی حالت میں تھا، نہایت خوش وخُرَّم، ماںنے پوچھا کہ: یہ کیاہوگیا؟ اُس نے کہاکہ: ایک بہت بڑا گنہگار شخص اِس قبرستان پر کو گزرا، قبروں کو دیکھ کر اُس کو کچھ عبرت ہوئی، وہ اپنی حالت پر رونے لگا اور سچے دل سے توبہ کی، اور کچھ قرآن شریف اور بیس مرتبہ درود شریف پڑھ کر اُس قبرستان والوں کو بخشا جس میں مَیں تھا، اُس میں سے جو حصہ مجھے ملا اُس کا یہ اثر ہے جوتم دیکھ رہی ہو۔ میری امّاں! حضورﷺپر درود دِلوں کا نور ہے، گناہوں کاکَفَّارہ ہے، اور زندہ مُردہ دونوں کے لیے رحمت ہے۔ یَا رَبِّ صَلِّ وَسَلِّمْ دَائِماً أَبَداً ء عَلیٰ حَبِیْبِكَ خَیْرِ الْخَلْقِ کُلِّہِمٖ (۳۷) حضرت کعب اَحبارؒ جو تَورات کے بہت بڑے عالم ہیں،وہ کہتے ہیںکہ: اللہجَلَّ شَانُہٗ نے حضرت موسیٰ عَلیٰ نَبِیِّنَا وَعَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالسَّلَامُ کے پاس وحی بھیجی کہ: اے موسیٰ! اگر دُنیا میں ایسے لوگ نہ ہوں جو میری حمدوثنا کرتے رہتے ہیں تو آسمان سے ایک قطرہ پانی کا نہ ٹپکاؤں، اور زمین سے ایک دانہ نہ اُگاؤں، اَور بھی بہت سی چیزوں کا ذکر کیا، اِس کے بعد ارشاد فرمایا: اے موسیٰ! اگر تُو یہ چاہتاہے کہ مَیں تجھ سے اُس سے بھی زیادہ قریب ہوجاؤں جتنا تیری زبان سے تیرا کلام، اور جتنے تیرے دل سے اُس کے خطرات، اور تیرے بدن سے اُس کی روح، اور تیری آنکھ سے اُس کی روشنی؛ حضرت موسیٰ عَلیٰ نَبِیِّنَا وَعَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالسَّلَامُ نے عرض کیا: یااللہ! ضرور بتائیں، ارشاد ہواکہ: رسول اللہ ﷺ پر کثرت سے درود پڑھا کر۔ (بدیع)