فضائل اعمال ۔ یونیکوڈ ۔ غیر موافق للمطبوع |
|
دوسرے جب کہ اُس کو آسمان سے زمین پر ڈالا گیا، تیسرے جب کہ حضورﷺ کو نُبوَّت ملی، چوتھے جب کہ سورۂ فاتحہ نازل ہوئی۔ شعبیؒ سے روایت ہے کہ: ایک شخص اُن کے پاس آیا اور دردِگُردہ کی شکایت کی، شعبیؒ نے کہا کہ: اَساسُ القرآن پڑھ کر درد کی جگہ دَم کر، اُس نے پوچھا کہ: اَساسُ القرآن کیا ہے؟ شعبیؒ نے کہا کہ: سورۂ فاتحہ۔ مشائخ کے اعمالِ مُجرَّب میں لکھا ہے کہ: سورۂ فاتحہ اسمِ اعظم ہے، ہر مطلب کے لیے پڑھنی چاہیے، اور اِس کے دوطریقے ہیں: ایک یہ کہ صبح کی سنت اور فرض کے درمیان بِسْمِ اللہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیم کے میم کے ساتھ الحمدُ للّٰہ کا لام ملاکر ۴۱؍ بار چالیس دن تک پڑھے، جو مطلب ہوگا اِنشاء اللہ تعالیٰ حاصل ہوگا، اور اگر کسی مریض یا جادو کیے ہوئے کے لیے ضرورت ہوتو پانی پر دَم کرکے اُس کو پلاوے۔ دوسرے یہ کہ: نَوچندی اتوار کو صبح کی سنت اور فرض کے درمیان بلاقیدِ میم مِلانے کے ستَّر بار پڑھے، اور اُس کے بعد ہر روزاُسی وقت پڑھے، اور دَس دَس بار کم کرتا جاوے یہاں تک کہ ہفتہ ختم ہوجاوے، اوَّل مہینے میں اگر مطلب پورا ہوجاوے فَبِہا، ورنہ دوسرے، تیسرے مہینے میں اِسی طرح کرے۔ نیز اِس صورت کا چِینی کے برتن پر گلاب اور مشک وزعفران سے لکھ کر اور دھوکر پلانا چالیس روز تک اَمراض مُزمِنَہ کے لیے مُجرَّب ہے۔ نیز دانتوں کے درد اور سَر کے درد، پیٹ کے درد کے لیے سات بار پڑھ کر دَم کرنا مُجرَّب ہے۔ (یہ سب مضمون ’’مَظاہرِ حق‘‘ سے مختصر طور سے نقل کیا گیا۔) ’’مُسلِم شریف‘‘ کی ایک حدیث میں ابن عباسص سے روایت ہے کہ: حضورﷺ ایک مرتبہ تشریف فرماتھے، حضورﷺنے فرمایا کہ: آسمان کا ایک دروازہ آج کھُلا ہے جو آج سے قبل کبھی نہیں کھلا تھا، پھر اُس میں سے ایک فرشتہ نازل ہوا، حضورﷺنے فرمایا کہ: یہ ایک فرشتہ نازل ہوا جو آج سے قبل کبھی نازل نہیں ہوا تھا، پھر اُس فرشتے نے عرض کیا کہ: دو نُوروں کی بشارت لیجیے جو آپ سے قبل کسی کو نہیں دیے گئے: ایک سورۂ فاتحہ، دوسرا خاتمۂ سورۂ بقرہ، یعنی سورۂ بقرہ کا اخیر رکوع۔ اِن کو نور اِس لیے فرمایا کہ قِیامت کے دن اپنے پڑھنے والے کے آگے آگے چلیںگے۔ (۲) عَنْ عَطَاءِ بنِ أَبِي رَبَاحٍ قَالَ: بَلَغَنِي أَنَّ رَسُولَ اللہِﷺ قَالَ: مَن قَرَأَ یٰس فِي صَدرِ النَّهَارِ قُضِیَتْ حَوَائِجُہٗ. (رواہ الدارمي) ترجمہ:عطا بن اَبی رَباحؒ کہتے ہیں کہ: مجھے حضورِاکرم ﷺکا یہ ارشاد پہنچا ہے کہ: جو شخص سورۂ یٰسٓ کو شروع دن میں پڑھے اُس کی تمام دن کی حوائِج پوری ہوجاویں۔ حوائِج: ضرورتیں۔ ہَول: گھبراہٹ۔ پَست: نیچا۔ نَزع: سکرات۔ فائدہ:احادیث میں سورۂ یٰسٓ کے بھی بہت سے فضائل وارِد ہوئے ہیں۔ ایک روایت میں وارِد ہوا ہے کہ: ہر چیز کے لیے ایک دل ہوا کرتا ہے، قرآن شریف کا