فضائل اعمال ۔ یونیکوڈ ۔ غیر موافق للمطبوع |
|
اِسی قِصے کی ایک دوسری حدیث میں اِس اِشکال کے جواب میں کہ: بیوی سے ہم بستری اپنی شہوت کا پورا کرنا ہے؟ حضورﷺ کا یہ جواب نقل کیا گیا ہے: بتاؤ! اگر بچہ پیدا ہوجائے پھر وہ جوان ہونے لگے اور تم اُس کی خوبیوں کی اُمید باندھنے لگو پھر وہ مرجائے، کیاتم ثواب کی اُمید رکھتے ہو؟ عرض کیا گیا: بے شک، اُمید ہے، حضورﷺنے فرمایا: کیوں؟ تم نے اُس کو پیدا کیا؟ تم نے اُس کو ہدایت کی تھی؟ تم نے اُس کو روزی دی تھی؟ بلکہ اللہ ہی نے پیدا کیا ہے، اُسی نے ہدایت دی ہے، وہی روزی عطا کرتا تھا، اِسی طرح صحبت سے تم نطفے کوحلال جگہ رکھتے ہو، پھر اللہ کے قبضے میں ہے کہ چاہے اُس کو زندہ کرے کہ اُس سے اولاد پیدا کرے، یا مُردہ کرے کہ اولاد پیدا نہ ہو۔ (۔۔۔۔۔۔ ۔) اِس حدیث کا مُقتضیٰ یہ ہے کہ، یہ اَجر وثواب بچے کے پیدا ہونے کا سبب ہونے کی وجہ سے ہے۔ (۸) عَن أَبِي هُرَیرَۃَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللہِﷺ:مَن سَبَّحَ اللہَ فِي دُبُرِ کُلِّ صَلَاۃٍ ثَلَاثاً وَّثَلَاثِینَ، وَحَمِدَ اللہَ ثَلَاثاً وَّثَلَاثِینَ، وَکَبَّرَ اللہَ ثَلَاثاً وَّثَلَاثِینَ، فَتِلكَ تِسعَۃً وَّتِسعُونَ، وَقَالَ تَمَامَ المِائَۃِ: ’’لَا إِلٰہَ إِلَّا اللہُ وَحْدَہٗ لَاشَرِیكَ لَہٗ لَہُ الْمُلْكُ وَلَہُ الحَمْدُ، وَهُوَ عَلیٰ کُلِّ شَيْئٍ قَدِیْرٌ‘‘ غُفِرَتْ خَطَایَاہُ وَإِنْ کَانَت مِثلَ زَبَدِ البَحرِ. (رواہ مسلم، کذا في المشکوۃ، وکذا في مسند أحمد) ترجَمہ:حضورِ اقدس ﷺکا ارشاد ہے کہ: جو شخص ہر نماز کے بعد سُبْحَانَ اللہِ ۳۳؍ مرتبہ، اَلْحَمْدُلِلّٰہ ۳۳؍مرتبہ، اَللہُ أَکْبَرُ۳۳؍مرتبہ اور ایک مرتبہ لَا إِلٰہَ إِلَّا اللہُ وَحْدَہٗ لَاشَرِیكَ لَہٗ لَہُ الْمُلْكُ وَلَہُ الحَمْدُ، وَہُوَ عَلیٰ کُلِّ شَيْئٍ قَدِیْرٌ پڑھے ،اُس کے گناہ مُعاف ہوجاتے ہیں خواہ اِتنی کثرت سے ہوں جتنے سمندر کے جھاگ۔ فائدہ: خطایا کی مغفرت کے بارے میں پہلے کئی حدیثوں کے تحت میں بحث گزر چکی ہے، کہ اِن خطایا سے مراد عُلَما کے نزدیک صغیرہ گناہ ہیں۔ اِس حدیث میں تین کلمے ۳۳- ۳۳ مرتبہ اور لَاإِلٰہَ إِلَّا اللہُ ایک مرتبہ وارد ہوا ہے، اِس سے اگلی حدیث میں دو کلمے ۳۳- ۳۳ مرتبہ اور اَللہُ أَکْبَرُ ۳۴؍ مرتبہ آرہا ہے۔ حضرت زید صسے نقل کیا گیا ہے کہ: ہم کو حضورِ اقدس ﷺ نے سُبْحَانَ اللہِ، اَلحَمدُ لِلّٰہِ، اَللہُ أَکبَرُ؛ ہر ایک کو ۳۳؍ مرتبہ ہر نماز کے بعد پڑھنے کا حکم فرمایا۔ ایک انصاری ص نے خواب میں دیکھا، کوئی شخص کہتا ہے کہ: ہر ایک کلمے کو پچیس مرتبہ کرلو، اور اُن کے ساتھ لَاإِلٰہَ إِلَّا اللہُ ۲۵؍ مرتبہ کا اِضافہ کرلو، حضورِاقدس ﷺ سے عرض کیا گیا، حضورﷺنے قَبول فرمالیا اور اِس کی اجازت فرمادی، کہ ایسا ہی کر لیا جائے۔ (ترمذی،باب ماجاء في التسبیح والتکبیر والتحمید عند المنام،۲؍۱۷۸حدیث:۳۴۱۳) ایک حدیث میں سُبْحَانَ اللہِ، اَلحَمدُ لِلّٰہِ،اَللہُ أَکبَرُ؛ ہر کلمے کو ہرنماز کے بعد گیارہ