فضائل اعمال ۔ یونیکوڈ ۔ غیر موافق للمطبوع |
|
حضرت عثمان ص اور حضرت حذیفہ صسے مروی ہے کہ: اگر قلوب نجاست سے پاک ہوجاویں تو تلاوتِ کلامُ اللہ سے کبھی بھی سَیری نہ ہو۔ ثابت بُنانیؒ کہتے ہیں کہ: بیس برس مَیں نے کلامِ پاک کو مَشقَّت سے پڑھا، اور بیس برس سے مجھے اِس کی ٹھنڈک پہنچ رہی ہے؛ پس جو شخص بھی مَعاصِی سے توبہ کے بعد غور کرے گا کلام پاک کو ’’آںچہ خُوباں ہَمہ دارند تُو تنہاداری‘‘ کا مصداق پائے گا۔ اے کاش! کہ اِن الفاظ کے معانی مجھ پربھی صادق آتے۔ مَیں ناظِرین سے یہ بھی درخواست کروںگا کہ: کہنے والے کی طرف اِلتِفات نہ فرمائیں، کہ میری ناکارگی آپ کو اہم مقصود سے نہ روکے؛ بلکہ بات کی طرف توجُّہ فرمائیں، اور جہاں سے یہ اُمور ماخوذ ہیں اُس کی طرف التفات کیجیے، کہ مَیں درمیان میں صرف نقل کا واسطہ ہوں۔ یہاں تک پہنچنے کے بعد اللہ کی ذات سے بعید نہیں کہ وہ کسی دل میں حفظِ قرآن پاک کا وَلولہ پیدا کردے، پس اگر بچے کو حفظ کرانا ہے تو اُس کے لیے کسی عمل کی ضرورت نہیں، کہ بچپن کی عمر خود حِفظ کے لیے مُعِین ومُجرَّب ہے؛ البتہ اگر کوئی شخص بڑی عمر میں حِفظ کا ارادہ کرے تو اُس کے لیے حضورِاقدس ﷺکا ارشاد فرمایا ہوا ایک مجرَّب عمل لکھتا ہوں، جس کو ترمذی، حاکم وغیرہ نے روایت کیاہے: حضرت ابنِ عباس صکہتے ہیں کہ: مَیں حضورِ اکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر تھا کہ حضرت علیص حاضر ہوئے، اور عرض کیا کہ: یا رسولَ اللہ! میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوجاویں، قرآن پاک میرے سینے سے نکل جاتا ہے، جو یاد کرتا ہوں وہ محفوظ نہیں رہتا، حضورﷺ نے ارشاد فرمایا کہ: مَیں تجھے ایسی ترکیب بتلاؤں کہ جو تجھے بھی نفع دے، اور جس کو تُو بتلاوے اُس کے لیے بھی نافع ہو، اور جو کچھ تُوسیکھے وہ محفوظ رہے، حضرت علیص کے دریافت کرنے پر حضورِ اقدس ﷺنے ارشاد فرمایا کہ: ’’جب جمعہ کی شب آوے تو اگر یہ ہوسکتا ہے کہ رات کے اخیر تہائی حصے میں اُٹھے تو یہ بہت ہی اچھا ہے، کہ یہ وقت ملائکہ کے نازل ہونے کا ہے، اور دعا اِس وقت میں خاص طور سے قبول ہوتی ہے، اِسی وقت کے انتظار میں حضرت یعقو ب ں نے اپنے بیٹوں سے کہا تھا: ﴿سَوْفَ أَسْتَغْفِرُ لَکُمْ رَبِّيْ﴾: عنقریب مَیں تمھارے لیے اپنے رب سے مغفرت طلب کروںگا (یعنی جمعہ کی رات کو)؛ پس اگر اُس وقت میں جاگنا دشوار ہوتو آدھی رات کے وقت، اور یہ بھی نہ ہوسکے تو پھر شروع ہی رات میں کھڑا ہوجا، اور چار رکعت نفل اِس طرح پڑھ کہ پہلی رکعت میںسورۂ فاتحہ کے بعد یٰسٓ شریف پڑھے، اور دوسری رکعت میں فاتحہ کے بعد سورۂ دُخان، اور تیسری رکعت میںفاتحہ کے بعد سورۂ الم سجدہ (۱)،اور چوتھی رکعت