فضائل اعمال ۔ یونیکوڈ ۔ غیر موافق للمطبوع |
یہ رِسالہ -جیساکہ شروع میںلکھاگیا- ۲۵؍ رمَضان المبارک کو شروع کیاگیا تھا، ماہِ مبارک کے مَشاغِل کی وجہ سے اُس وقت تو بسم اللہ اور چند سُطور کے عِلاوہ لکھوانے کا وقت ہی نہیں ملا، اِس کے بعد بھی مہمانوں کے ہُجوم اور مدرسے کے ابتدائے سال کے مشاغِل کی وجہ سے بہت ہی تھوڑا وقت ملتا رہا، تاہم تھوڑا بہت سلسلہ چلتا ہی رہا، کہ گذشتہ جمعہ کو عزیز محترم مولانا الحاج محمدیوسف صاحب کاندھلوی امیرِ جماعتِ تبلیغ کے حادثۂ انتقال سے یہ تخیُّل پیدا ہواکہ، اگر یہ ناکارہ بھی اِسی طرح بیٹھے بیٹھے چل دیا تو یہ اَوراق جو اَب تک لکھے ہیں، یہ بھی ضائع ہوجائیںگے؛ اِس لیے جتنا ہوچکا ہے اُسی پر اکتفا کروں، اور آج ۶؍ذی الحجہ ۱۳۸۴ھ جمعہ کی صبح کو اِس رسالے کو ختم کرتاہوں۔ اللہ جَلَّ شَانُہٗ اپنے لُطف وکرم سے اپنے پاک رسول کے طُفیل جو لغزشیں اِ س میں ہوئی ہوں اُن کو مُعاف فرمائے۔ محمدزکریا عفی عنہ کاندھلوی