فضائل اعمال ۔ یونیکوڈ ۔ غیر موافق للمطبوع |
|
مغفرت کروں۔(دیلمی۔۔۔۔۔۔۔) تکمیل: پورا۔ کس قدر لُطف وکرم ہے اللہ کا! کہ خود ہی توفیق عطا فرماتے ہیں، اور پھر خود ہی اُس لُطف کی تکمیل میں مغفرت فرماتے ہیں۔ حضرت عطاءؒ کا قِصَّہ مشہور ہے ،کہ وہ ایک مرتبہ بازار تشریف لے گئے، وہاں ایک دِیوانی باندی فروخت ہورہی تھی، اُنھوں نے خرید لی، جب رات کا کچھ حصہ گزرا تووہ دِیوانی اُٹھی اور وُضو کرکے نماز شروع کردی، اور نماز میں اُس کی یہ حالت تھی کہ آنسوؤں سے دَم گھُٹا جا رہا تھا،اِس کے بعد اُس نے کہا: اے میرے معبود! آپ کو مجھ سے مَحبت رکھنے کی قَسم، مجھ پر رحم فرمادیجیے، عطاءؒ نے یہ سن کرفرمایا کہ: لونڈی! یوں کہہ: اے اللہ! مجھے آپ سے مَحبت رکھنے کی قَسم، یہ سُن کر اُس کوغُصَّہ آیا اور کہنے لگی: اُس کے حق کی قَسم! اگر اُس کو مجھ سے محبت نہ ہوتی تو تمھیں یوں میٹھی نیند نہ سلاتا اور مجھے یوں کھڑا نہ کرتا، اِس کے بعد اُس نے یہ اشعار پڑھے: اَلْکَرْبُ مُجتَمِعٌ وَالقَلْبُ مُحتَرِقٌ ء وَالصَّبرُ مُفتَرِقٌ وَالدَّمْعُ مُستَبِقٌ کَیفَ القَرَارُ عَلیٰ مَن لَا قَرَارَ لَہٗ ء مِمَّا جَنَاہُ الهَویٰ وَالشَّوقُ وَالقَلَقُ یَارَبِّ! إنْ کَانَ شَيئٌ فِیہِ لِيفَرَجٌ ء فَامنُن عَلَيَّ بِہٖ مَا دَامَ بِي رَمَقُ ترجَمہ:بے چینی جمع ہورہی ہے اور دِل جَل رہا ہے، اور صبر جُدا ہوگیا اور آنسو بہہ رہے ہیں، اُس کو کس طرح قرار آسکتا ہے جس کو عِشق وشوق اور بے چینی کے حملوں کی وجہ سے ذرا بھی سکون نہیں!۔ اے اللہ! اگر کوئی چیز ایسی ہوسکتی ہے جس میں غم سے نجات ہوتو زندگی میں اُس کو عطا فرماکر مجھ پر احسان فرما۔ اِس کے بعد اُس نے کہا: اے اللہ! میرااور آپ کا مُعاملہ اب راز میں نہیں رہا، مجھے اُٹھالیجیے، یہ کہہ کر ایک چیخ ماری اور مرگئی۔ اِس قِسم کے اَور بھی بہت سے واقعات ہیں، اورکھلی ہوئی بات ہے کہ، توفیق جب تک شاملِ حال نہ ہو، کیا ہوسکتاہے؟ ﴿وَمَا تَشَائُ وْنَ إِلَّا أَن یَّشَائَ اللہُ رَبُّ العَالَمِینَ﴾:اور تم بِدونِ خدائے ربُّ العالمین کے چاہے کچھ نہیں چاہ سکتے ہو۔