اصلاح انقلاب امت - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
جہاں تک پہلے کام کا تعلق ہے، میں اس کے لیے فرصت کا متلاشی رہا، لیکن جب یہ دیکھا کہ فرصت کی تلاش میں یہ کام ٹلتا جائے گا، اور اس طرح ہوسکتا ہے کہ اصل کتاب کی طباعت ہی میں غیر معمولی تاخیر ہوجائے، تو والد ماجد حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب مدظلہم العالی نے حکم دیا کہ اب تسہیل و تشریح کے انتظار میں کتاب کی طباعت کو مؤخر نہ کیا جائے، کتاب ایک مرتبہ وجود میں آگئی تو ان شاء اللہ اس پر اس نوعیت کے کام ہوتے رہیں گے۔ چناںچہ اس کام سے صرفِ نظر کرکے احقر نے صرف دوسرے کام پر اکتفا کرنے کو مناسب سمجھا، اور اس کے لیے برادرِ عزیز مولوی محمد علی صاحب کو(جو آج کل جامعہ تعلیماتِ اسلامیہ لائل پور میں نظامت کے فرائض انجام دے رہے ہیں) کتاب حوالہ کردی۔ انھوں نے پوری کتاب کو نقل کرکے اس کے بڑے حصے پر پیراگراف قائم کیے، عنوانات لگائے، اور بعض مقامات پر مختصر تشریحی حواشی کا اضافہ کیا، پھر وہ اپنی بعض مصروفیات کی بنا پر کام کی تکمیل نہ کرسکے تو میں نے برادرِ عزیز مولوی عبدالغفار ارکانی صاحب (فاضل دار العلوم کراچی) سے اس کام کی تکمیل کرائی، چناںچہ کتاب کا نصف سے زائد حصہ انھوں نے ہی نبٹایا، اللہ تعالیٰ ان دونوں صاحبان کو جزائے خیر عطا فرمائے، آمین۔ بہر کیف! اب اس کتاب کاپہلا حصہ آپ کے سامنے ہے ، اِ ن شاء اللہ دوسرا حصہ بھی جلد از جلد پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی، اگرچہ تسہیل و تشریح کاکام اس مرتبہ نہیں ہوسکا، لیکن اُمید ہے کہ ان شاء اللہ کتاب کے بیشتر مباحث عام اُردو خواں حضرات پوری طرح سمجھ سکیں گے، جہاں دشواری محسوس ہو، وہاں کسی اہلِ علم سے سمجھ لیا جائے۔ وَمَا تَوْفِیْقِيْ إِلَّا بِاللّٰہِ۔ احقر محمد تقی عثمانی مدیر ماہنامہ ’’البلاغ‘‘دارالعلوم کراچیمسلمان کیوں بدل گئے؟ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ