اصلاح انقلاب امت - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
۸۔ بعض لوگ نفسِ روزہ میں تو اِفراط وتفریط نہیں کرتے، لیکن روزہ محض صورت کانام سمجھ کر صبح سے شام تک اَجوفین یعنی فم وفرج کو بند رکھنے پر اکتفا کرتے ہیں، اور اس میں علاوہ مقصود بہ صورت نوعیہ کے کہ وہ بھی ثابت ہے، اور حکمتیں بھی موجود ہیں جن کی طرف قرآنِ مجید میں اشارہ بلکہ صراحت ہے: {لَعَلَّکُمْ تَتَّقُوْنَ} یعنی شاید تم متقی ہوجاؤ، ان سب کو نظر انداز کرکے اپنے صوم کو جسد بلا رُوح بنالیتے ہیں، خلاصہ ان حکمتوں کا معاصی ومنہیات سے بچنا ہے، سو ظاہر ہے کہ اکثر لوگ روزے میں بھی اکثر معاصی سے نہیں بچتے، جو حالت ان کی معصیت میں قبلِ رمضان ہوتی ہے، رمضان کے آنے سے اس میں کچھ تفاوت نہیں ہوتا۔ اگر غیبت کی عادت تھی، وہ بدستور رہتی ہے، اگر نگاہِ بد کے خوگر تھے، وہ نہیں چھوڑتے، اگر حقوق العباد میں مبتلا تھے ان کی صفائی نہیں کرتے، بلکہ بعض کے معاصی تو غالباً بڑھ جاتے ہیں کیوںکہ پہلے تو کسی کاروبار میں لگے رہتے تھے، اب روزے میں چلنے پھرنے، محنت مشقت کاکام تو ہوتا نہیں، دوستوں میں جا بیٹھے کہ روزہ بہلے گا، پھر دوستوں میں کوئی شغل تفریح کا بھی ضروری ہے، یا تو باتیں شروع کردیں جن میں زیادہ حصہ غیبت کا ہوگا، اور چوسر، گنجفہ، تاش، یاہار مونیم ، یاباجا، یا گرامو فون لے بیٹھے اور دن پورا کردیا، بھلا اس روزے کا کوئی معتد بہ فائدہ حاصل کیا؟ اتنی بات عقل سے سمجھ میں نہیں آتی کہ کھانا پینا جوکہ فی نفسہٖ مباح ہے، جب روزے میں وہ حرام ہوگیا، تو غیبت اور دوسرے معاصی فی نفسہٖ بھی حرام ہیں، وہ روزے میں کس قدر حرام ہوں گے؟ تو مباحِ اصلی سے بچنا، اور غیر مباح میں مبتلا ہونا یہ روزہ کس قسم کا ہے؟ حدیث میں ہے کہ جو شخص بدگفتاری اور بدکرداری نہ چھوڑے، خدا تعالیٰ کو اس کی کچھ پروا نہیں کہ وہ شخص اپنا کھانا پینا چھوڑدے۔ اس سے کوئی یہ نہ سمجھے کہ بالکل روزہ ہی نہ ہوگا، کبھی یہ سمجھ کر کہ جب روزہ نہ ہوگا تو پھر رکھنے سے کیا فائدہ؟ سو روزہ تو ہوجائے گا مگر نہایت ادنیٰ درجے کا، جیسا اندھا، لنگڑا، کانا، گنجا ، اپاہج آدمی ہوتاہے، مگر ناقص درجے کا۔ اور بالکل روزہ نہ رکھنا تو اس سے بھی اَشد ہے، کیوںکہ ذات کا سلب صفت کے سلب سے سخت تر ہے۔ایک اِشکال اور اس کا جواب : اگرکسی کو یہ شبہ ہو کہ جب غیبت چوںکہ مباح فی نفسہٖ نہیں، لہٰذا زیادہ شدید ہے، اور اکل و شرب چوںکہ فی نفسہٖ مباح ہیں وہ اس سے خفیف ہیں، پس غیبت سے روزہ اِفطار نہ ہونا خورد و نوش سے اِفطار ہوجانا کیا معنی؟ جواب یہ ہے کہ روزہ جن خصوصیات کے لیے مشروع کیا گیا ہے، ان کے اعتبار سے اس کی ایک خاص ماہیتِ شخصیّہ ہے،