اصلاح انقلاب امت - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
النَّاسُ کَإِبِلٍ مِائَۃٍ لَا تَجِدُ فِیْہَا رَاحِلَۃً۔ عوام سو اُونٹوں جیسے ہیں، تم ان میں ایک بھی سواری کے لائق نہیں پاؤگے۔ ورنہ وہ زمانہ تو خیریت کا تھا۔ واللّٰہ أعلم وہو الموفق۔طریقِ اصلاحِ انقلاب جاننا چاہیے کہ یہ ’’انقلاب‘‘ ایک رُوحانی مرض ہے، اور جس طرح جسمانی امراض کے خاص اسباب ہوتے ہیں، اور ان کی اصلاح ومعالجہ اُن اسباب کے ازالے سے ہوتی ہے، اسی طرح اس مرضِ رُوحانی(انقلاب) کے بھی خاص اسباب ہیں، اور ان کا ازالہ ہی اس کے معالجے واصلاح کا طریق ہے، اب اسباب کی تشخیص اور ان کے ازالے کی تدبیر، بس یہی دو اَمر مرجعِ اہتمام قرار پائے۔اَمرِ اوّل : یعنی ’’تشخیصِ اسبابِ انقلاب‘‘ اس میں تأمل و تد۔ّبر وتتبع کرنے سے معظم اسباب دو امر ثابت ہوئے: ۱۔ ایک قلتِ علم، یعنی ناواقفی وبے خبری۔ ۲۔ دوسرا ضعفِ ہمت، یعنی قصد وارادے کی کمی یا فقدان۔ سببِ اوّل سے خود احکام ِضروریہ و واقعیہ ہی مخفی رہے ہیں، اور سببِ ثانی سے باوجود خبر اور آگاہی کے نوبت عمل کی نہیں آتی۔