اصلاح انقلاب امت - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
خط و کتابت کے ذریعہ ایجاب و قبول کرنے سے نکاح صحیح نہیں ہوتا: بعضے لوگ اس مسئلۂ شہود کے متعلق ایک جہلِ بسیط میں مبتلا ہیں، اور اس جہل پر عمل بھی کرنے لگے، وہ یہ کہ بعضے مرد وعورت دونوں محض خط و کتابت سے ایجاب وقبول کرلیتے ہیں، اور اس کو کافی سمجھتے ہیں، پھر بعضے تو صرف اپنے ہی خطوط پر اکتفا کرلیتے ہیں، اور بعضے اپنے مضمون پر دو گواہوں کے بھی دستخط کرادیتے ہیں، اور نکاح کو صحیح سمجھ لیتے ہیں، حالاںکہ دونوں صورتوں میں نکاح صحیح نہیں ہوتا، صورتِ اوّل میں تو بہ وجۂ عدمِ شہود (گواہ نہ ہونے) کے، اور صورتِ ثانیہ میں اس لیے کہ شہود میں حسبِ تصریح فقہا یہ بھی شرط ہے کہ وہ ایجاب وقبول کے الفاظ کو ایک ہی مجلس میں سن بھی لیں، غرض دونوں صورتوں میں نکاح صحیح نہیں ہوگا، پس خفیہ نکاح میں ان دونوں غلطیوں کی بھی تقریر ہے، یہ ساتویں خرابی ہوگئی۔ خفیہ نکاح کی ایک نئی ایجاد جو سراسر معصیت اور ضلالت ہے: بعضے لوگوں نے خفیہ نکاح میں ایک اور ایجاد کی ہے، اور بہ زعمِ خود سب گناہوں سے بچنے کی پوری تدبیر کرلی ہے، اور یہ خبر نہیں کہ فر من المطر ووقف تحت المیزاب (یعنی بارش سے بھاگے اور ۔َپر نالے کے نیچے آکر کھڑے ہوگئے) کے مصداق بنے ہیں، اور وہ ایجاد یہ ہے کہ نکاح بلاشہود تنہائی میں اس شرط پر کرلیتے ہیںکہ صحبت وغیرہ کچھ نہ ہوگی، خالی نکاح کیے لیتے ہیں، تاکہ تنہائی میں بیٹھنا ایک دوسرے کو دیکھنا، باہم ہنسنا بولنا، یہ اُمور جائز ہوجائیں۔ اور صحبت سے مجتنب (بچے) رہیں، تو ان لوگوں کے اعتقاد میں گویا نکاح کے دو درجے ہیں، ایک وہ جس سے صحبت حلال ہوجائے، اس درجے کے تحقّق(وجود) کے لیے توشہود شرط ہیں، اور دوسرا درجہ وہ جس سے صحبت حلال نہ ہو، لیکن ۔َخلوت و مس و نظر (تنہائی، چھونا اور دیکھنا) وغیرہ حلال ہوجائیں، اس درجے کے تحقّق کے لیے شہود شرط نہیں، صرف مردوعورت کا ایجاب وقبول اور تراضی (باہم رضامندی) کافی ہے، اس جہل میں ایک بدعت، ضلالت (گم راہی) کی بھی آمیزش ہے کہ ۔ّتصرف فی الحکم الشرعی (شریعت کے حکم میں دخل اندازی) ہے، نیز بدون ایسے نکاح کے معاصی(گناہ) کو معاصی بھی سمجھتے تھے، اور اس نکاح کے بعد ۔َخلوت وغیرہ کو حلال سمجھنے لگے، معصیت کو حلال سمجھنا کتنی بڑی سخت بات ہے، سو خفیہ نکاح میں اس ایجاد کے لیے بھی استناد (دلیل پکڑنا) ہے، یہ آٹھویں بات ہے، اور یہ سب احتمالات مرضی واختراعی (بناوٹی) نہیں ہیں، مجھ کو یہ سب واقعات معلوم ہوئے ہیں۔