اصلاح انقلاب امت - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
سارے جہاں کا درد ہمارے جگر میں ہے مؤرّخِ اسلام حضرت علامہ سیّد سلیمان ندوی ؒ اپنے مقالہ ’’حکیم الاُمت کے آثارِ علمیہ‘‘ کے باب ’’اصلاحیات‘‘ میں حضرت والا کی اصلاحی تصانیف (کتاب ہذا اور حیاۃ المسلمین اور اصلاح الرسوم، صفائی معاملات ، اصلاحِ اُمت وغیرہ) میں بطور تعارف تحریر فرماتے ہیں: ’’ان کتابوں میں ہر ایک کا منشا یہ ہے کہ مسلمانوں کی اخلاقی، اجتماعی ، معاشرتی زندگی خالص اسلامی طریق اور شرعی نہج پر ہو، اور ان کے سامنے وہ صراطِ مستقیم کھل جائے جوہدایت کی منزلِ مقصود کی طرف جاتی ہے۔‘‘1 پاکستان میں پہلی باراس نادر کتاب کی جلدِ اوّل ’’ادارۃ المعارف کراچی‘‘ نے شائع کی تھی۔ دورانِ خط و کتابت احقر نے برادرِ محترم محبِ مکرّم مولانا محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہم سے اس کتاب کی جلدِ دوم کی اشاعت کے بارے میں استفسار کیا، اور یہ بھی عرض کیا کہ اگر اشاعت میں تاخیر دورِ حاضر کے مذاق کے مطابق ذیلی سرخیاں وغیرہ لگنے کے سبب ہورہی ہے تو بندہ اس کے لیے حاضر ہے، مولانا عثمانی صاحب مدظلہم نے اسے منظور فرمالیا، اور کتاب روانہ فرمادی، درحقیقت بندہ اس کام کا بالکل اہل نہ تھا ع صلاحِ کار کجا ومن خراب کجا تاہم حضرت حکیم الاُمت تھانوی ؒ کی ایک نادر اصلاحی تصنیف کی خدمت کو سعادت جان کر تو۔ّکلا علی اللہ اس کام کو شروع کیا، اور ان باتوں کا اہتمام کیا: ۱۔ ہر باب میں ذیلی سرخیاں قائم کرکے شروع میں ایک مکمل فہرستِ مضامین لگادی ہے اس فہرست پر ایک اجمالی نظر ڈالنے سے ہی کتاب کی اہمیت کا اندازہ ہوسکتاہے۔ ۲۔ کتاب کی زبان چوںکہ علمی ہونے کی وجہ سے خاصی مشکل ہے، اس لیے قارئین کی سہولت کے مدِ نظر بعض مقامات میں مشکل الفاظ کا مفہوم قوسین میں لکھ دیا ہے۔ ۳۔ اس کے علاوہ قرآنی آیات واحادیث، فقہی عبارات اور فارسی اشعار کا ترجمہ بھی کردیا ہے، فقہی عبارات کے ترجمے کے سلسلے میں برادرم علامہ اختر علی صاحب سینئر اورئینٹل ٹیچر گورنمنٹ ہائی اسکول ہارون آباد نے بڑا تعاون فرمایا، بلکہ بعض عبارات کی تصحیح اور حل کے لیے اصل فتاویٰ سے مراجعت فرمائی، حق تعالیٰ انھیں جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین۔ ۴۔ فقہی اصطلاحات (مثلاً: طلاقِ بائن، خلع وغیرہ) کی تشریح حواشی میں کردی گئی ہے۔ ۵۔ جدید اُردو میں بعض مقامات پر واؤ کا استعمال متروک ہوچکا ہے، مثلاً: ’’جاوے، کھاوے‘‘ وغیرہ میں واؤ کو حذف