آئینہ رمضان - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
زمیندار یا مسافر زکوۃ لے سکتا ہے یا نہیں ؟ سوال: (۱) جس کے پاس اراضی ہو اور نقد روپیہ نہ ہو اس کو زکوۃ لینا جائز ہے یا نہیں ؟ (۲) مسافر زکوۃ لے سکتا ہے یا نہیں ؟ الجواب حامداً ومصلیاً ومسلماً: (۱) اگر گذربسر کے موافق جائداد اور زمین نہ ہو تو اس کو زکوۃ وصدقہ لینا درست ہے ۔( وفیہا سئل محمد عمن لہ ارض یزرعہا او حانوت یستغلہا او دار غلتہا ثلاثۃ آلاف ولا تکفی لنفقتہ ونفقۃ عیالہ سنۃ یحل لہ اخذ الزکوۃ وإن کانت قیمتہا تبلغ الوفاء وعلیہ الفتوی ۔ (رد المحتار باب المصرف ج۲؍۸۸) ۔ (۲) مسافر کو زکوۃ لینا درست ہے ،جب کہ اس کے پاس مال بقدر نصاب نہ ہو ، اگر چہ ا س کے مکان پر ہو ۔ (ابن السبیل وہو کل من لہ مال لا معہ ۔۔الخ یصرف المزکی إلی کلہم او إلی بعضہم ۔ درمختار ۔ قولہ ابن السبیل ہو المسافر سمی بہ للزومہ الطریق ۔ رد المحتار باب المصرف ج۲؍۸۲)۔ (فتاوی دار العلوم دیوبند ج۶) زکوۃ دو سال کی ادا کرے تو کیا حکم ہے ؟ سوال: زید کوپندرہ روپئے زکوۃ دینا ہوتی ہے اگر تیس روپئے دیدے تو دو سال کی زکوۃ ادا ہوجائے گی یانہیں ؟ الجواب حامداً ومصلیاً ومسلماً : یہ درست ہے اس صورت میں دو سال کی زکوۃ ادا ہوجائے گی ۔ ( ولو عجل ذو نصاب زکوتہ لسنین او لنصب صح لوجود السبب ۔ (الدر المختار علی ہامش رد المحتار باب الغنم ج۲؍۳۶) (فتاوی دار العلوم دیوبند ج۶ص۲۴۵) مالک نصاب بیوہ عورت کو زکوۃ دینا جائز ہے یا نہیں سوال: ایک بیوہ عورت کے پاس مال زکوۃ دینے کے لائق ہے ، اس کے چھوٹے بچے ہیں، ان کو زکوۃ دینا درست ہے یا نہیں ؟ الجواب حامداً ومصلیاً ومسلماً : جو عورت مالک نصاب ہے اس کو اور اس کے نابالغ بچوں کو زکوۃ دینا درست نہیں ہے ، اس سے زکوۃ ادا نہ ہوگی ، جیسا کہ فرمایا اللہ تعالی نے{ إِنَّمَا الصَّدَقَاتُ لِلْفُقَرَآ ِٔ وَالْمَسَاکِیْنِ۔الآیۃ }(سورئہ توبہ ) (فتاوی دار العلوم دیوبند ج۶؍۲۸۲) جس کاگذر تنگی سے ہوتا ہے کیا وہ مستحق زکوۃ ہے ؟