آئینہ رمضان - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
سوال: عورت گھرمیں مسنون اعتکاف کر سکتی ہے یا نہیں۔؟ الجواب حامداً ومصلیاً ومسلماً: عورت اپنے مکان میں جہاں پنجگانہ نماز ادا کرتی ہو وہاں اعتکاف کرے۔گھرمیں نماز پڑھنے کی جگہ مقررنہ ہو تو اعتکاف جائز نہیں۔ہاں اعتکاف کے وقت نماز پڑھنے کی جگہ مقرر کرلے تو وہاں اعتکاف کرسکتی ہے۔ورنہ اعتکاف نہیں کرسکتی ۔(امراۃ فی مسجد بیتھا)ویکرہ فی المسجدولا یصح فی غیر موضع صلاتھا۔(شامی۱۷۶ ج۲)فقط واللہ اعلم بالصواب عورت اخیر عشرہ کا اعتکاف کرسکتی ہے یا نہیں ؟ اعتکاف میں حیض آجائے تو کیا حکم ہے ؟ سوال: عورت رمضان کے آخری عشرہ کا اعتکاف کر سکتی ہے یا نہیں؟اگر اعتکاف کرنا ہو تو کہاںکرے ؟اعتکاف کی حالت میںاگر اسے حیض آجائے تو کیا کرے؟بینو اتوجروا الجواب حامداً ومصلیاً ومسلماً: رمضان المبارک کے آخری عشرہ کا اعتکاف کرناسنت مؤکدہ علی الکفایہ ہے عورت بھی یہ مسنون اعتکاف کرسکتی ہے عورت اپنے گھر کی مسجدمیں(جو جگہ نماز کیلئے متعین کی ہے اگر متعین نہ ہو تو اب کرلے)اعتکاف کرے اس اعتکاف کے صحیح ہونے کیلئے عورت کا حیض یا نفاس سے پاک ہونا ضروری ہے اگر اعتکاف کے درمیان حیض آجائے تواعتکاف چھوڑدے حیض کی حالت میں اعتکاف درست نہیںاور پاک ہونے کے بعد کم از کم ایک دن کی(جس روز حیض آیا ہے)روزے کیساتھ قضا ء کرے۔اور اگر ہمت ہو تو پورے دس دنوںیا بقیہ دنوں کے اعتکاف کی روزوں کیساتھ قضاء کرے۔بدائع الصنائع میں ہے :ولوحاضت المراۃ فی حال الاعتکاف فسد اعتکافھالان الحیض ینا فی اھلیۃ الاعتکاف لمنافاتھا الصوم ولہذاامتنعت من انعقاد الاعتکاف فتمنع من البقاء ( بدائع۱۱۶ ج ۲ )فقط واللہ اعلم بالصواب ۔ (فتاویٰ رحیمیہ ج۷؍۲۸۶) خاوند کی اجازت کے بغیر اعتکاف میں بیٹھنا سوال: عورت اپنے خاوند کی اجازت کے بغیراعتکاف رمضان المبارک میں بیٹھ سکتی ہے یا نہیں؟ الجواب حامداً ومصلیاً ومسلماً: عورت خاوندکی اجازت کے بغیر اعتکاف میںنہ بیٹھے۔شامیہ میں سراج سے نقل کیا ہے ۔ ولا ینبغی لھاالا عتکاف بلا اذنہ(۱۲۹ ج۲ شامی)فقط واللہ اعلم۔ (خیرالفتاویٰ ص۱۴۴۔۱۴۵ ج۴)