آئینہ رمضان - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
سوال :کیا فرماتے ہیں علماء دین ان مسائل کے بارے میں : ۱۔میرے والد صاحب حاجی بشیر احمد قریشی جن کی عمر اس وقت ۸۵ سال ہے وہ پیشاب کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔اس سلسلے میں ان کا اپریشن بھی کروایا گیا تھا ۔مگر اس سے انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوا۔انہیں ڈاکٹروں نے روزہ رکھنے سے منع کیا ہے مگر وہ روزہ رکھنے پر مصر ہیں۔اس صورت میں ان کے لئے شرعی حکم کیا ہے؟ ۲۔روزہ کا فدیہ کتنا ہوگا؟ ۳۔اس کے علاوہ انہیں پیشاب کا عارضہ بھی ہے وضو کرکے اٹھتے وقت قطرہ خارج ہوجاتا ہے نماز پڑھتے ہوئے سجدے میں جاتے وقت بھی قطرہ خارج ہوتا ہے اس سے کپڑے بھی ناپاک ہوجاتے ہیں اس حالت میں نماز اور تلاوت کے لئے وضو کے بارے میں کیا حکم ہے ؟ ۴۔نیز یہ کہ کیا وہ مسجد میں نماز پڑھ سکتے ہیں کہ نہیں؟ ان مندرج بالا سوالات کا تفصیلی جواب مرحمت فرمائیں۔ الجواب حامداً و مصلیاً ومسلماً:ایسے مریض کو رمضان شریف میں روزہ افطار کرنے کی اجازت ہے پھر جب تندرست ہوجائے اور قابل روزہ رکھنے کے ہوجائے تو قضاء کرے۔ فدیہ دینا اسکو کافی نہیں ہے البتہ ایسے مریض کو جس کا مرض دائمی ہوجائے اور صحت سے ناامیدی ہو، فدیہ دینا جائز ہے ۔ ۲۔فی روزہ دو سیر گندم یا اس کی قیمت محتاج کو دے دیں ۔ ۳۔معذور شرعی ابتداء اس وقت ہوتا ہے کہ تمام وقت نماز میں کوئی وقت ایسا اسکو نہ مل سکے کہ وضو کرکے نماز بدوں اس عذر کے ادا کرسکے۔پس اگر ایک دفعہ بھی تعریف مذکور اس پر صادق آگئی تو وہ معذور ہوگیا پھر اس وقت تک معذور ہی رہے گا۔جب تک وہ عذر منقطع نہ ہوجائے ۔ایسے معذور کو وقت میں ایک دفعہ وضو کرلینا کافی ہے تمام وقت میں اس عذر کے ساتھ نماز پڑھ سکتا ہے پھر خروج وقت سے وہ وضو باطل ہوجاتا ہے ۔وقت کے اندر اندر اس وضوء سے تلاوت اور نوافل وغیرہ ادا کرنا درست ہے ۔یہ اس وقت ہے جبکہ بیٹھے بیٹھے وضو کرکے بیٹھ کر باوضو اشارے سے بھی نماز ادا نہ کرسکتے ہوں ۔اگر ایسی صورت میں قطرہ نہیں نکلتا تو وہ ایسے ہی نماز پڑھیں۔ (خیر الفتاویٰ ج۴؍۹۹) بوڑھا ذیا بیطس میں گرفتار رمضان میں کیا کرے سوال:جب کہ زید کی عمر ۵۸ برس کی ہے اور وہ کئی سال سے مرض ذیابیطس میں مبتلا ہے جس کی وجہ سے کمزوری و نقاہت روز افزوں ہے اور بوجہ غلیان تشنگی جو اس مرض میں بہ شدت ہوا کرتی ہے روزہ رکھنا دشوار ہے ، خصوصا ً سخت گرمی کے موسم میں ۔