آئینہ رمضان - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
پیریا کی بیماری والے کا روزہ(پختہ نیت نہیں کی ( سوال: رمضان میں بوجہ آنکھ نہ کھلنے کے سحری نہ کھائی ظہر کے وقت تک ارادہ مشکوک رہا کہ آج روزہ رکھوں یا نہ رکھوں ، ظہر کے وقت افطار کر دیا تو قضا ء لازم ہے یا کفارہ بھی؟ الجواب حامداً و مصلیاً ومسلماً:اس صورت میں صرف قضاء لازم ہے کیونکہ نیت روزہ کی پختہ طور سے اس نے نہیں کی تھی۔ کذافی الدر المختار۔ قصدا لوبان سونگھنے سے روزہ کا حکم سوال: بہشتی زیور کے تیسرے حصہ میں لکھا ہے کہ روزہ کی حالت میں لوبان وغیرہ کی دھونی سلگاکر سونگھنے سے روزہ جاتا رہے گا، کیا یہ حکم لوبان ہی کے لئے ہے، یا اگربتی وغیرہ ہر دھوئیں کے لئے ہے، بعض حضرات روزہ میں اگربتی جلا کر سونگھتے ہیں اورفرماتے ہیں کہ یہ تو خوشبودار چیز ہے، اور خوشبو سونگھنے سے روزہ نہیں جاتا یہ صحیح ہے یا غلط؟ الجواب حامداً ومصلیاًومسلماً: اگر لوبان وغیرہ غرض جو بھی دھواں خوشبو کے لئے سونگھ کر حلق یا دماغ میں پہنچایا جائے اس سے روزہ فاسدہوجائے گا۔ محض خوشبو (عطر) سونگھنے سے روزہ فاسد نہیں ہوگا۔ کذا فی الطحطاوی۔ فقط ۔واللہ تعالیٰ اعلم۔ (فتاوی محمودیہ ج۱۰؍ ۱۵۸) دوا سونگھنے سے روزہ ٹوٹتا ہے یا نہیں سوال:اٹلوس ایک دوا ہے کہ نوساور اور چونا ملا کر شیشی بھر کر ناک سے لگاکر سونگھا جاتا ہے اس کی تیزی دماغ تک پہنچتی ہے اس کے سونگھنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے یا نہیں؟ الجواب حامداً و مصلیاً ومسلماً:اس صورت میں روزہ اس کا ٹوٹ گیا قضا لازم ہے۔ (فتاویٰ دارالعلوم دیوبند ج۶؍۴۱۸) کان میں دوا ،پانی یا تیل ڈالنے کا حکم مسئلہ :کان میں بلا ارادہ پانی چلے جانے سے روزہ فاسد نہیں ہو تا ۔ مسئلہ : اگر کسی نے عمداً کان میں پانی ڈالا تو اس بارے میں اہل علم کا اختلاف ہے بعض کے نزدیک روزہ فاسد ہو جاتا ہے بعض کے نزدیک نہیں ہوتا لیکن احتیا ط اس میں ہے کہ روزہ فاسد مانا جائے ۔ مسئلہ :اگر کان میں تیل یا دوائی ڈالی تو بالا تفاق روزہ فاسد ہوجائے گا ۔