آئینہ رمضان - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
بلاضرور ت کسی چیز کو چبانے یا چکھنے کا حکم سوال: بلاضرورت کسی چیز کو چبا کر یا چکھکر تھوک دے تو روزہ کیسا ہو گا ؟ الجواب حامداً و مصلیاً ومسلماً:بلاضرورت کسی چیز کو چباکر یا چکھ کر تھوکنے سے روزہ مکروہ ہو تا ہے ۔ ہاں اگر شوہر سخت ہے اور گھر میں خلفشار کا خطرہ ہو تو بیوی نمک چکھ کر تھوک سکتی ہے اس کے روزہ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔ یعنی حرف زبان سے چکھ لے حلق میں نہ جائے ۔ اگر حالت جنابت میں دن گزرا سوال: ایک شخص نے رمضان میں حالت جنابت میں دن گزارا تو اسکا کیا حکم ہے ؟ الجواب حامداً و مصلیاً ومسلماً:اگر کسی پر غسل فرض ہوا اور اس نے روزہ کی نیت کرلی ہو اور روزہ رکھ لیا اور دن بھر غسل نہ کیا اورنہ نماز پڑھی تب بھی روزہ ہوجائے گا اورروزہ چھوڑنے کا گناہ نہ ہوگا البتہ نماز چھوڑنے کا گناہ ضرور ہوگا۔جس کی وجہ سے دل سے سچی توبہ کرے ندامت کے آنسو بہائے اور جو نمازیں نہیں پڑھیں ان کی قضاء کرے۔ روزہ میں منجن یا ٹوتھ پیسٹ استعمال کرنے کا حکم سوال: روزے کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ سے دانت صاف کرنے کا کیا حکم ہے؟ الجواب حامداً و مصلیاً ومسلماً:روزہ میں منجن یا ٹوتھ پیسٹ لگانا مکروہ ہے اور اگر کوئی چیز حلق سے نیچے اتر گئی تو روزہ فاسد ہوجائے گا ۔ روزے میں تھوک جمع کرکے نگلنا سوال :ایک شخص روزہ کی حالت میں تھوک منہ میں جمع کرکے نگل جاتا ہے تو ایسا کرنا کیسا ہے؟ اس کا روزہ رہا یا ٹوٹ گیا؟ اگرٹوٹ گیا تو اس پر صرف قضاء لازم ہے یا کفارہ بھی؟ الجواب حامداً و مصلیاً ومسلماً: قصداً تھوک جمع کرکے گھونٹنا مکروہ ہے لیکن اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا ہے ۔ (فتاویٰ امارات شرعیہ ج ۳؍۱۷۵) روزہ کی حالت میں بیوی کا بوسہ لینا سوال:کیا روزے کی حالت میںشوہر اپنی بیوی کا بوسہ لے سکتاہے؟