حیات طیب رحمہ اللہ تعالی جلد 1 |
یات طیب |
|
سپاس نامہ یہ سپاسِ عقیدت اہالیانِ تاتاردیو (دارالحکومت جزیرہ مڈغاسکر) نے مورخہ ۳۰؍اگست ۱۹۵۹ء بروز اتوار شہر کی جامع مسجد میں حضرت حکیم الاسلامؒ کی خدمت میں پیش کیاتھا۔ حضرت والا! ہم اپنی سعادت اور خوش بختی پر بجا طور پر نازاں ہیں کہ آں جناب نے ہم اہل جزیرہ مڈغا سر کی دعوت قبول فرماتے ہوئے ہمیں ذاتِ گرامی سے استفادہ کا موقع عنایت فرمایا۔ یہ ایک ایسی سعادت ہے جس کا ہم کبھی تصور بھی نہیں کرسکتے تھے اور اسی لئے اس نعمت غیرمترقبہ پرہم خدا کا ہزاروں ہزار شکر ادا کرتے ہوئے آں جناب کو دل کی گہرائیوں اور انتہائی نیازمندی سے خوش آمدید کہتے ہیں ۔ ع اے آمد نت باعثِ خوش بختی ما حضرت والا! مڈغا سکر کا یہ عظیم الشان جزیرہ بحرہند میں واقع ہے اور فرانسیسی حکومت کے زیر اقتدار ہے۔ اس جزیرے میں مسلمانوں کی تعداد بہت کم ہے اور اسی لئے یہاں ہماری کسی اجتماعی ہیئت کا فقدان نظر آتا ہے۔ دینی تعلیم اور مدارس کا کوئی انتظام نہیں ہے اور جو ہے وہ خوجہ فرقوں کا ہے کیوں کہ اس جزیرے میں اسی فرقہ کے مسلمانوں کی تعداد زیادہ ہے۔ جزیرہ ہر لحاظ سے نہایت خوش حال اور سرسبز و شاداب ہے اور تمدنی ترقیات میں کافی آگے ہے۔ آں جناب کا قیام یہاں بہت مختصر ہے ورنہ ہم تفصیل سے آپ کو جزیرہ کے مختلف اور مرکزی مقامات دکھاتے۔ ہم اپنی اس خوش قسمتی پر دوبارہ اظہارِ مسرت کرتے ہوئے آپ کو خوش آمدید پیش کرتے ہیں اور درخواست کرتے ہیں کہ اپنے پند و نصائح سے مستفید فرمائیں ۔ ……v……