حیات طیب رحمہ اللہ تعالی جلد 1 |
یات طیب |
|
مکتوب محترمی زید مجدکم سلام مسنون، نیازمقرون! گرامی نامہ ممنون یاد آوری فرمایا، اردو کانفرنس کی کامیابی کے لئے دعا کرتا ہوں اور اپنے ہر قسم کے تعاون کا آپ کو یقین دلاتا ہوں ۔ اردو کی بقا اور فروغ کے لئے آپ جو منظم جدوجہد فرما رہے ہیں وہ یقینا لائق صد تحسین و تبریک ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے عزائم میں ترقی اور برکت عطا فرمائے۔ اردو زبان کی وسعت اور ہمہ گیری کا صحیح اندازہ ہندوستان سے باہر جا کر ہوتا ہے۔ ایشیاء، افریقہ اور یورپ کے بیشتر ملکوں میں آپ کو اردو زبان کے جاننے والے مل جائیں گے، کسی زبان کی بین الاقوامی حیثیت کا یہی سب سے بڑا ثبوت ہے کہ وہ ہر جگہ بولی اور سمجھی جاتی ہو، اس لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو اردو زبان کی خدمت لسانی حدود سے نکل کر بین الاقوامی اتحاد کا ایک اہم ذریعہ بن جاتی ہے جو آج کے دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ اس طرح آپ صرف اردو زبان کی خدمت ہی نہیں کر رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی اتحاد کے لئے اردو زبان کے ذریعہ ایک اہم رول بھی ادا کر رہے ہیں ۔ میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں ۔ والسلام علیکم محمد طیب مہتمم دارالعلوم دیوبند ۱۲؍۲؍۸۷ھ