حیات طیب رحمہ اللہ تعالی جلد 1 |
یات طیب |
|
تقریظ حضرت مولانا محمد اسلم قاسمی صاحب مدظلہٗ صدرالمدرسین و ناظم تعلیمات، دارالعلوم وقف دیوبند والد ماجد حضرت حکیم الاسلامؒ کی حیات اور خدمات جلیلہ کا کوئی گوشہ مخفی نہیں ، علمی حلقوں میں تو حضرتؒ کی شخصیت معروف و مشور ہے،عامۃ المسلمین میں بھی اللہ تعالیٰ نے انہیں مقبولیت عطا فرمائی تھی۔ پھر ہندوستا ن ہی میں نہیں بیرونی ممالک میں اسی طرح آپ کی شہرت ہے، علوم و کمالات کا ایک خزانہ عامرہ حکیم الاسلامؒ کی تصنیفات اور خطبات میں موجود ہے۔ ضرورت تھی کہ منتشر مواد کو تاریخی لحاظ سے ایک خاص ترتیب اور علمی ڈھنگ سے یکجا کرکے باضابطہ سوانح حیات کی شکل دی جائے، جس میں آپ کی شخصیت کے متعلق ایک ایک بات نکھر کر آجائے اور عام و خواص سب ہی کے لئے استفادہ کا ذریعہ بن جائے۔ حسن اتفاق سے سالِ رواں فاضل نوجوان مولانا محمد شکیب قاسمی سلمہٗ استاذ و ناظم حجۃ الاسلام اکیڈمی دارالعلوم وقف دیوبند کی تحریک پر دارالعلوم وقف دیوبند کے ذمہ داران نے حجۃ الاسلام حضرت مولانا محمد قاسم نانوتویؒ کے نام پر ’’حجۃ الاسلام اکیڈمی‘‘ قائم کرکے علمی و تحقیقی کاموں کی بنیاد ڈالی، جس میں اکیڈمی کے مقاصد میں حجۃ الاسلام حضرت مولانا محمد قاسم نانوتویؒ، حکیم الاسلام حضرت مولانا محمد طیب صاحبؒ و دیگر اکابر کے علوم و افکار پر تحقیق اور عصری اسلوب میں تعلیمات کی اشاعت ہے۔ عزیزالقدر مولانا محمد شکیب قاسمی حجۃ الاسلام اکیڈمی کے ناظم ہیں ، انہیں اپنے آباء و اجداد کے علوم سے ماشاء اللہ مناسبت بھی ہے، ہونہار اور نوجوان فاضل ہیں ، علوم عصریہ سے بھی آراستہ ہیں ، علمی و تحقیقی کاموں کا عمدہ ذوق رکھتے ہیں ۔ ادھر مولانا غلام نبی کشمیری دارالعلوم وقف دیوبند کے بااستعداد مدرس اور خالص علمی ذوق رکھنے والے انسان ہیں ۔ دونوں حضرات کی محنت اور لگن کے نتیجہ میں حضرت حکیم الاسلامؒ کی یہ مفصل سوانح ’’حیات طیب‘‘ بہترین کتابت، عمدہ طباعت اور معیاری کاغذکے ساتھ عزیزم مولانا محمد سفیان قاسمی نائب مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند کی نگرانی میں حجۃ الاسلام اکیڈمی دارالعلوم وقف دیوبند کے زیر اہتمام زیور طبع سے آراستہ ہو کر آپ کے ہاتھوں میں ہے۔اللہ تعالیٰ مرتبین کو جزاء خیر عطا فرمائے اور کتاب کو قبولیت عامہ نصیب کرے۔ آمین محمد اسلم قاسمی صدرالمدرسین و ناظم تعلیمات دارالعلوم وقف دیوبند