حیات طیب رحمہ اللہ تعالی جلد 1 |
یات طیب |
|
باطل سے ٹکر لینے اور کفر و معصیت کو پاش پاش کرنے کے لئے ہمارے اکابر دارالعوم دیوبند جس عزمِ صمیم، جن مجاہدانہ ولولوں اور جس توکل و اعتماد علی اللہ کی طاقتوں کو لے کر اٹھے آج ہمارے ملک کے گم کردہ راہ مسلمانوں کی اصلاح و ہدایت کے لئے اسی جوش و خروش، ولولہ مردانہ وار ہمت اور عمل و شغف کی ضرورت ہے۔ وقت کا اہم ترین فریضہ ہے کہ حاملانِ علوم نبوت اٹھیں اور اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چل کر اپنے مشن کو کامیاب بنائیں اور ایک تازہ اور جوان عزم کے ساتھ اٹھ کر ملت کی قیادت کی باگ ڈور سنبھال لیں ۔ کیا عجب میری نواہائے سحرگاہی سے زندہ ہوجائے وہ آتش جو تری خاک میں ہے مظہر انوارِ قاسمی! فتنوں کے اس نازک دور میں جب کہ اکابر ایک ایک کرکے اٹھتے جاتے ہیں دین کی قندیلیں گل ہورہی ہیں ، ہم خدام کی سرپرستی و رہنمائی اور مسلمانوں کی رشد و ہدایت کے لئے بلاریب آپ کا وجود مسعود خدا تعالیٰ کی طرف سے رحمت و نعمت بے کراں ہے۔ ہماری دعاء ہے کہ خداوند قدوس قحط الرجال کے اس اندوہناک دور میں علوم و انوار قاسمی کے اس مینارۂ نور کو تادیر تابندہ و درخشاں رکھے۔ زہے نصیب کہ انعامِ خداوندی سے آپ کی صحبت میسر آئی اور آں جناب کی سرپرستی میں یہ اجتماع ہوا۔ ہم اصاغر جیسے اکابر ہی کے لئے زیر سایہ ہیں اور آپ ہی کے خرمن عواطف کے خوشہ چیں ہیں ۔ آخر میں ہم ایک بار پھر حضرت والا اور ان مشائخ اور اکابر ملک و ملت و اربابِ فکرو و نظر اور زعماء و شرفاء قوم اور اپنے تمام معاونین کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے موسم کی شدت کے باوجود تکلیف برداشت کرکے ہماری حوصلہ افزائی فرمائی اور جلسہ کوکامیاب بنایا۔ اس توجہ اور شفقت کی بدولت ہم اپنی رگوں میں جوش عمل کی نئی حرارت محسوس کر رہے ہیں ۔ خدا کرے یہ مواقع ہمیں جلد جلد اور بار بار حاصل ہوتے رہیں ۔آمین ……v……