حیات طیب رحمہ اللہ تعالی جلد 1 |
یات طیب |
|
عند اللہ مقبول فکر قاسمی پر دارالعلوم دیوبند کی عمر کے ابتدائی انسٹھ سال میں پانچ مہتممین نے اپنی مخلصانہ عظیم خدمات کے ذریعہ اس ’’مدرسہ عربی‘‘ کو ملک گیر ’’دارالعلوم‘‘ کے مقام رفیع تک پہنچایا اور اس کی عمر کے مابعد کے انسٹھ سال میں تن تنہا قطب ارشاد حضرت حکیم الاسلام نور اللہ مرقدہٗ کی جامع الصفات عظیم المرتبت عالمی شخصیت نے بلاشرکت غیرے اس ’’دارالعلوم‘‘ کو ’’عالمی مرکز علوم اسلامیہ‘‘ بنایا۔ حکیم الاسلاؒ کے حالات زندگی کے مختلف گوشوں پر حضرتؒ کی وفات سے لے کر اب تک اہل علم بہ تسلسل لکھتے آرہے ہیں تاہم ایسی عظیم المرتبت دینی شخصیت کی باضابطہ سوانح حیات کی ضرورت طبقاتِ علماء میں بہ شدت محسوس کی جارہی تھی جس میں ایک خاص ترتیب اور علمی دیانت کے ساتھ حضرت کے سیرت و اخلاق اور کمالاتِ علمیہ کو سامنا لا کر قابل استفادات بنایا جائے۔ باعث مسرت ہے کہ یہ دیرینہ خواب حضرت حکیم الاسلامؒ کی ایک مفصل سوانح ’’حیاتِ طیب‘‘ زیرنگرانی عزیزم مولانا محمد سفیان قاسمی نائب مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند، باہتمام حجۃ الاسلام اکیڈمی دارالعلوم وقف دیوبند منصۂ شہود پر آرہی ہے۔ ’’حیاتِ طیب‘‘ کی ترتیب عزیز گرامی جناب مولانا غلام نبی قاسمی استاذ حدیث دارالعلوم وقف دیوبند و عزیزم مولانا محمد شکیب قاسمی، استاذ و ناظم حجۃ الاسلام اکیڈمی دارالعلوم وقف دیوبندکی فاضلانہ و مخلصانہ مساعی کے نتیجہ میں عمل میں آئی ہے۔ جناب مولانا غلام نبی قاسمی ایک باوقار، بااستعداد اور علمی و تحقیقی کاموں کے تعلق سے طلباء و علماء میں یکساں طور پر مشہور و مقبول ہیں اور عزیزم مولانا محمد شکیب قاسمی ممتاز علمی صلاحیتوں کے ساتھ علوم عصریہ سے مرصع اور عصری اسلوب میں علمی تحقیقات کامخصوص ذوق رکھتے ہیں ۔ حجۃ الاسلام اکیڈمی دارالعلوم وقف دیوبند انہیں کی خاص دلچسپیوں اور علمی سرگرمیوں کے نتیجہ میں وجود میں آئی اور بحمداللہ روز افزوں ترقی کی منزلیں طے کر رہی ہے۔ ’’حیاتِ طیب‘‘ کی مثالی ترتیب، معیاری اشاعت و جاذب نظر سرورق ،کتابت و طباعت جہاں حجۃ الاسلامؒ کے علمی و تحقیقی کاموں کے لئے نیک فال کی حیثیت رکھتی ہے وہاں عزیز موصوف کی محنت، ذوق و شوق اور اکیڈمی کو اپنے بلند تر معیار و مقاصد سے ہم آہنگ کرنے کی سعی پیہم کی بھی ایک زندہ شہادت ہے۔ دعاء ہے کہ رب کریم ’’حیاتِ طیب‘‘ کو شرف قبولیت سے نوازے اور حکیم الاسلامؒ کی حیات و خدمات پر مشتمل یہ مفصل سوانح علمی حلقوں میں مقبول عام ہو اور استفادہ کا ذریعہ بنے۔ محمد سالم قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند