محقق و مدلل جدید مسائل جلد 1 |
|
بسم اللہ الرحمن الرحیمکتاب الإ یمان والعقائد (ایمان اور عقائد کا بیان) ایمان :… ایمان امن سے ماخوذ ہے جس کا معنی ہے ’’ امن دینا‘‘۔کسی بات پر ایمان لانے کا مطلب یہ ہے کہ اس شخص نے اس کو تکذیب وتردید سے مامون کردیا۔ لغوی تعریف :…قلب کی تصدیق کو ایمان کہتے ہیں۔ اصطلاحی تعریف :… قلب کے اعتقاد اور زبان کے اقرار کو ایمان کہتے ہیں۔ ایمان کی پانچ قسمیں ہیں : (۱)ایمانِ معصوم جیسے: انبیاء کا ایمان (۲)ایمانِ مطبوع جیسے :ایمانِ ملائکہ (۳)ایمانِ مقبول جیسے :مؤمنین کا ایمان (۴)ایمانِ موقوف جیسے :مبتدعین کا ایمان (۵)ایمانِ مردود جیسے :منافقین کا ایمانعقائد :… ’’ العقائد ما یقصد فیہ نفس الاعتقاد دون العمل ‘‘۔ جس میں نفسِ اعتقاد کا قصد کیا جائے ، نہ کہ عمل کا۔(التعریفات للجرجاني) بسا اوقات انسان اپنی بے لگام زبان سے ایسے کلماتِ کفریہ کہہ جاتا ہے ، جن سے اس کے ایمان جانے اور نکاح ختم ہوجانے کا بھی خطرہ پیدا ہوتاہے ، لیکن اسے احساس تک نہیں ہوتا ، اور وہ یہ سمجھتا ہے کہ میں صحیح روش پر چل رہا ہوں، اگر توبہ نہ کرے تو زندگی بھر خسارہ کا بھگتان اٹھانا پڑتاہے اور آخرت بھی برباد ہوجاتی ہے ۔