محقق و مدلل جدید مسائل جلد 1 |
|
کتاب اللباس والزینۃ (لباس اورزینت کا بیان) زینت :… ہر اس شی ٔ کا نام ہے جس کے ذریعے تزیّن ہو۔’’الزینۃ إسم جامع لکل شيء یتزین بہ ‘‘۔ (لسان العرب : ۱۳/۲۰۱) لغۃً:… زینت کا اطلاق اصل خلقت پر معنی زائد پر ہوتا ہے۔ جمال: …تناسب ، اعتدال اور استواء خلقت کو کہتے ہیں۔’’وقد قیل عن الجمال انہ تناسب الخلقۃ واعتدالہا واستوائہا ‘‘ ۔ (أحکام تجمیل النساء : ص ۵۶)زینت وجمال میں فرق: جمال اصلی وفطری خوبصورتی کو کہتے ہیں، جب کہ زینت کا اطلاق اصلی واضافی دونوں خوبصورتیوں پر ہوتا ہے۔’’الجمال یختص بالجمال الأصلي في الخلقۃ والزینۃ تشتمل ما کان في أصل الخلق وما کان مضافاً إلیہ ‘‘۔ ارشادِ خداوندی ہے: {ولکم فیہا جمال حین تریحون وحین تسرحون} ترجمہ:…اوران کی وجہ سے تمہاری رونق بھی ہے جبکہ (ان کو ) شام کے وقت (گھر) لاتے ہو اور جبکہ (انہیں) صبح کے وقت (چرنے ) چھوڑدیتے ہو۔ [سورۂ نحل:۶] {والقواعد من النساء اللاتي لا یرجون نکاحاً فلیس علیہن جناح أن یضعن ثیابہن غیر متبرجات بزینۃ}۔ ترجمہ:…اور بڑی بوڑھیاں جنہیں نکاح کی امید نہ رہی ہوان کو کوئی گناہ نہیں (اس بات میں) کہ وہ اپنے زائد کپڑے اتار رکھیں ( بشرطیکہ )زینت کو دکھلانے والیاں نہ ہوں ۔ [سورۂ نور:۶۰]