محقق و مدلل جدید مسائل جلد 1 |
|
مقدمہ مفتی محمد جعفر صاحب ملی رحمانی خادم الافتاء والتدریس ، جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم ، اکل کوا اسلام جناب نبی کر یم صلی اللہ علیہ و سلم پر نازل ہونے والاایسا دین ہے ، جو پورے عالم انسانی کی دنیوی کامیابی اور اخروی نجات کا ضامن ہے، اور فقہ اسلامی ایسا قانون ہے ،جو پیغام نبوت سے مستنبط وماخوذ ہے، اس میں ہر عہدو زمانہ کے معاشی ، معاشرتی ، سیاسی، صنعتی تبدیلیوں اور جدید تر قیات کے نتیجے میں پـیدا ہونے والی دشوار یوں و پریشانیوں کا حل موجود ہے۔ اگر ہمارے سامنے قرآن وسنت، آثارصحابہ اورسلف صالحین کی تشریحات موجود ہوں ،اور جدید مسائل کی صحیح خد وخال سے ہم واقف ہوں، تو نئے مسائل پر حکم شرعی کا انطباق کرکے ،ہم یہ کہنے میں حق بجانب ہوسکتے ہیں کہ:’’ اسلام میں قیامت تک تمام پیش آنے والے مسائل کا حل موجود ہے‘‘۔ کیوں کہ قرآن وحدیث میں ایسی کلیات اور اصول موجود ہیں کہ ان میں غور فکر کر کے، قیامت تک تمام پیدا ہونے والے حوادث، واقعات اورنوازل کے احکامِ شرعیہ مستنبط کئے جاسکتے ہیں ۔