محقق و مدلل جدید مسائل جلد 1 |
مسائل الجوالۃ والإنترنت (مسائلِ موبائل وانٹرنیٹ ) موبائل پر ہیلو سے گفتگو کا آغاز مسئلہ(۴۰۰): لفظ ’’ہیلو ‘‘(Hello) کے معنیٰ کسی کی توجہ اپنی طرف مبذول کرانا ہے ،عام فہم زبان میں اس کے معنی’’ سنو‘‘ ہوتے ہیں اور یہ کلام میں داخل ہے ، اس لئے ٹیلیفون پر’’ السلام علیکم ‘‘کے بجائے ’’ہیلو‘‘ سے کلام کا آغاز کرنا خلاف ِسنت ہے ،کیوںکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں کلام سے پہلے سلام کی تعلیم فرمائی۔ (۱)مسجد میں موبائل کھلا رکھ کرآنا مسئلہ(۴۰۱): مسجد میں موبائل کھلا رکھ کر آنا یہ احترام ِمسجد کے خلاف ہے ، کیو نکہ اگر گھنٹی بجی توشور وغل ہوگا، جو کہ ممنوع ومکروہ ہے،ابوداؤد کے حاشیہ میں ’’باب کراہیۃ انشاد الضالۃ ‘‘کے تحت مکتوب عبارت:’’ ویلحق بہ ما في معناہ من البیع والشراء والإجارۃ ونحوہا من العقود وکراہیۃ رفع الصوت في المسجد‘‘۔کراہیۃ رفع الصوت في المسجدکی صراحت سے موبائل کی گھنٹی کا شوروغل مکروہ وممنوع قرارپائے گا۔(۲) ------------------------------ الحجۃ علی ما قلنا: (۱) ما فی ’’ السنن الترمذی ‘‘: عن جابر بن عبد اللہ قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: ’’ السلام قبل الکلام ‘‘۔ (۲/۹۹، أبواب الاستیذان والاٰداب، باب السلام قبل الکلام) الحجۃ علی ما قلنا: (۲) (سنن أبيداود:۱/۶۸،کتاب الصلوٰۃ، باب کراہیۃ انشاد الضالۃ في المسجد، رقم الحاشیۃ : ۱)=