محقق و مدلل جدید مسائل جلد 1 |
|
کار پارکنگ (Car Parking)کا کرایہ مسئلہ(۳۲۷): کار پارکنگ (Carparking)کا کرایہ آج کل معمول بن چکا ہے،اس کی دو صورتیں رائج ہیں: (۱)گاڑی کا ایک متعین کرایہ وصول کیا جاتا ہے ، چاہے گا ڑی کتنی دیر تک پارکنگ (parking)میں کیوں نہ رہے۔ (۲) کارپارکنگ کا کرایہ فی گھنٹہ (Per hour)کے حساب سے وصول کیا جاتا ہے۔ مذکورہ دونوں صورتوں کے جواز میں شرعاً کوئی شبہ نہیں، کیوں کہ پہلی صورت میں منفعت اور اجرت دونوں ہی متعین ہیں اور ایجاب وقبول بھی تعاطی کے ذریعہ ہوا ہے ۔ لیکن ان دونوں صورتوں میں سے پہلی صورت پر یہ اشکال ہے کہ اس میں ایک متعین کرایہ وصول کیا جا تا ہے ، مگر عاقدین کے مابین مدت کے بارے میں کوئی گفتگو تحریری یا زبانی نہیں ہوتی، لہذا جب مدتِ اجارہ مجہول ہوئی تو اس سے عقدِ اجارہ بھی درست نہیں ہونا چاہئے، کیوں کہ اجارہ میں مدتِ اجارہ کی تعیین ایک بنیادی شرط ہے جو یہاں مفقود ہے؟ چنانچہ اس اعتراض کا حل یہ ہے کہ پہلی صورت میں مدتِ اجارہ مجہول نہیں ہے بلکہ معلوم ہے اور وہ اس طرح کہ جو ٹکٹ(Ticket)کرایہ لیکر دیا جاتا ہے وہ صرف اس روز کے لیے ہوتا ہے جس دن یہ خریدا گیا ہے، اور اکثر مقامات میں ٹکٹ پر اس دن کی تاریخ بھی درج ہوتی ہے، اس طرح مدتِ اجارہ زیادہ سے زیادہ صرف اس دن کے ختم تک کے لیے ہوتی ہے۔