محقق و مدلل جدید مسائل جلد 1 |
|
الحمد للہ محض اللہ کے فضل، اس کی توفیق، اور نصرت سے یہ کام شروع ہوچکا ہے، پہلے سال کے طلبہ سے تقریباً چار سو ، ان مسائل پر کام کروایاگیا، جن کو ناکارہ بیانِ مصطفیٰ میں عوام کی ضرورت کیلئے صرف مسائل کی صورت میں بعنوان ’’عصر حاضر کے پیش آمدہ جدید مسائل ‘‘، لکھتا رہا، ان طلباء نے ماشاء اللہ بحسن خوبی اور انتہائی جانفشانی سے، دن رات ایک کرکے اس کا م کو انجام دیا، اور حضرت مفتی محمد جعفر صاحب ملی رحمانی بڑی دلچسپی وجدو جہد سے اس پر نگرانی فرماتے رہے، اللہ تعالی دنیا و آخرت میں انہیں بہترین صلہ عطا ء فرمائے ،آمین یہ کتاب طلباء سالِ اول کے اکثر، اور سالِ دوم کے بعض مسائل مخرّجہ ومحقّقہ پر مشتمل آپ کے ہاتھوں میں ہے، انشاء اللہ ہر سال اسی طرح کام ہوتا رہیگا، اور یہ کوشش کی جائے گی کہ جدید مسائل کا انسائیکلو پیڈ یا تیار کر دیا جائے، تاکہ وقت کی ایک ضرورت پور ی ہوجائے، دعا فرمائیں کہ اللہ تعالی اپنی نصرت واعانت شاملِ حال رکھے، ویسے تو اکثر جدید مسائل فتاویٰ کی دیگر کتابوں میں بکھرے ہوئے موجود ہیں، البتہ محقق ومدلل نہیں ہیں، ورنہ علامہ شامیؒ، حضرت تھانویؒ،مفتی کفایۃ اللہ صاحبؒ،مفتی عبد الرحیم صاحب لاجپوریؒ، مولانا عبد الرشید لدھیانویؒ، مفتی محمد شفیع صاحبؒ، قاضی مجاہد الإسلام صاحبؒ، مولانا عبد الحق صاحبؒ، مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب اور مفتی شبیر احمد صاحب نے ان مسائل کو اپنی اپنی تصانیف میں ذکر کیا ہے، بعض تو بہت زیادہ محقق ہیں، مگر سب نہیں، ہم نے اس میں عوام وخواص دونوں کی رعایت کرتے ہوئے متن کے انداز میں مسائل، اور حاشیہ میں ان کی دلائل کو نقل کرنے کی کوشش کی ہے ہم اپنی اس کوشش میں کہاں تک کامیاب ہوئے وہ آپ فیصلہ کرسکتے ہیں، اللہ قبول فرمائے، اور ہم سب کیلئے اسے ذخیرۂ آخرت بنائے ، آمین ۔