محقق و مدلل جدید مسائل جلد 1 |
|
پیش لفظ مسلمان احکام ِالٰہی کا پابندہے، اپنے آپ کو پابند سمجھتا ہے اور سمجھنا بھی چاہیئے، اور اس کا کوئی کام شریعت کے خلاف نہیں ہونا چاہیئے،جیسا کہ فقہ کا قاعدہ ہے: لایجوز لمسلم أن یتصرف أو یفعل فعلاً إلا بعد معرفۃ حکم اللہ فیہ ۔ (موسوعۃ القواعد الفقہیۃ:۸/۱۵) عامۃ المسلمین کو در پیش مسائل مہمہ کے حل کی طرف ہر زمانے کے علماء نے خصوصی توجہ دی، جو ان کی ذمہ داری ہے، اور انہوں نے اپنی اس ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے کی کوشش کی، کررہے ہیں، اور کرتے رہیں گے، کیوں کہ یہ دین قیامت تک کیلئے ہے ، اور اس میں ہر زمانے میں پیدا ہونے والے مسائل کا حل موجود ہے، حالات بدلتے رہے، بدل رہے ہیں، اور بدلتے رہیں گے، اور تبدیلیٔ حالات کے ساتھ ساتھ نت نئے مسائل کا پیدا ہونا جہاں امرطبعی ہے ، وہیں ان کا حل پیش کرنا بھی امر ضروری ہے ۔ کتاب ’’محقق ومدلل جدید مسائل‘‘ تقریباً چار سو باون (۴۵۲) عوام کو درپیش مسائل کا مجموعہ ہے ، جن کو بر خور دار مولوی محمد حذیفہ سلمہ ’’بیان مصطفٰی ‘‘میں لیٹیسٹ مسائل کے عنوان سے لکھتے رہے۔