محقق و مدلل جدید مسائل جلد 1 |
کتاب الایمان والعقائد ، کتاب الطہارت، کتاب الصلوٰۃ، کتاب الصوم ، کتاب الزکوۃ،کتاب النکاح، کتاب البیوع ، کتاب الاجارۃ،کتاب الحظر والاباحۃ،مسائل الجوالۃ والانترنت،اور کتاب اللباس والزینۃسے متعلق جن جدید مسائل پر تحقیق وتخریج کا کام مکمل ہوا ،وہ آپ کے سامنے ہیں،آئندہ جن ابواب سے متعلق جدید مسائل پر کام کیا جائے گاوہ بھی ان شاء اللہ آپ کے سامنے آتا رہے گا۔ ہمیں یہ دعوی ہر گز نہیں کہ تحقیق وتخریج کے اس کام میں ہم سے کہیں خطا ولغزش نہ ہوئی ہو، بلکہ عین ممکن ہے کہ کسی مسئلہ کی تخریج کے لیے ہم نے جومستدلات نقل کیے،اس سے قریب تر اور بہتر، کوئی اورمستدل موجود ہو،جو ہمارے علم میں نہیں آسکا ، اس لیے اربابِ علم وفضل اور اصحابِ افتاء سے مؤدبانہ التماس ہے کہ وہ ہمیں اپنے علم سے افادہ فرماکر اس مستدل کی نشاندہی کردیں۔ہم ضرور بالضرور اس سے مستفید ہوں گے۔(إن نرید إلا الإصلاح) بڑی ناسپاسی ہوگی اگر میں اپنے معاونین خصوصی عزیزان من: مفتی عبدالمتین اشاعتی ومفتی شمشیر احمد اشاعتی صاحبان کا شکریہ ادا نہ کروں، کہ ان حضرات نے پوری جد وجہد وعرق ریزی کے ساتھ پوری کتاب کی تصحیح، پروف ریڈنگ اور کمپوزنگ جیسے تھکا دینے والے کاموں کو بحسنِ خوبی، ذوق وشوق، اور بڑی محنت ولگن کے ساتھ انجام دیا۔ فجزاہما اللہ خیر الجزاء ۔