محقق و مدلل جدید مسائل جلد 1 |
|
طلباء افتاء کو تمرین کے لیے مختلف ابوابِ فقہیہ ، مثلا، کتاب الایمان والعقائد ، کتاب الطہارت، کتاب الصلوۃ، کتاب الصوم ، کتاب الزکوۃ، کتاب الحج ،کتاب النکاح، کتاب البیوع ، کتاب الاجارۃ،کتاب الوقف ،کتاب الحظر والاباحۃ وغیرہ کے مسائل دیاکریں ، اور جب ان میں ایک گونا فقہ سے مناسبت اور مصادر ومراجع سے مراجعت پر قدرت پیدا ہوجائے، توجدید مسائل پرتمرین اور تخریج وتحقیق کاکام کروایا جائے، اس طرح کے لائحہ عمل سے جہاں ان عزیزوں کی تمرین وتدریبِ افتاء ہوگی ، وہیں مسائلِ جدیدہ پر تخریج وتحقیق کا کام بھی ہوتا رہے گا، جو وقت کی ایک اہم ضرورت ہے۔ چنانچہ: ۲۹۔۱۴۲۸/مطابق2007-08کے طلباء افتاء نے موصوف محترم کے انہیں ساڑھے چار سو(۴۵۰) مسائلِ جدیدہ ، مطبوعہ در بیانِ مصطفی (صلی اللہ علیہ وسلم) پر تمرین اور تخریج وتحقیق کا کام مکمل کیا۔ اور ۳۰۔۱۴۲۹/ مطابق 2008-9کے طلباء نے بھی مذکورہ بالا ابواب سے متعلق تقریباً آٹھ سو چوراسی(۸۸۴) مسائل کی تمرین کے علاوہ، ساڑھے تین سو (۳۵۰)جدید مسائل پر تمرین اور تحقیق وتخریج کا کام کیا،جو انشاء اللہ کتابی شکل میں طبع ہوکر منظر عام پر آجائے گا۔دراصل مولانا موصوف کی فکر یہ ہے کہ تمام مسائلِ جدیدہ کا ایک محقق ومدلل ’’انسائیکلوپیڈیا‘‘ تیار ہوجائے، اور عوام وخواص دونوں کی ضرورت پوری ہوجائے ۔