ملفوظات حکیم الامت جلد 27 - 28 - یونیکوڈ |
کہ ان کے ایک تیر آ کر لگا ۔ لیکن قرآن پڑھنا ترک نہیں کیا ۔ آخر ایک دوسرے صحابی سوتے تھے جاگنے کے بعد انہوں نے اس حالت کو دیکھا اور بعد سلام ان سے پوچھا تو فرمانے لگے کہ جی نہ چاہا کہ تلاوت قرآن شریف کو قطع کر دوں ۔ غرض محبت ایسی چیز ہے لیکن چونکہ ہم نے محبت کا مزہ چکھا نہیں اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ لوگ مصیبت میں ہیں اور واقع میں وہ مصیبت میں نہیں ہیں کیونکہ مصیبت نام ہے حقیقت مصیبت کا نہ کہ صورت مصیبت کا پس وہ شبہ بھی جاتا رہا کہ اللہ والے مصیبت میں ہیں اور یہ بھی ثابت ہو گیا کہ نافرمانی کے ساتھ راحت اور عزت نہیں اور اطاعت کے ساتھ تکلیف اور ذلت نہیں ۔ پس اگر ہم عزت کے خواہاں ہیں تو اطاعت خداوندی کو اختیار کریں ہم نے اس کو جب سے چھوڑ دیا ہے اسی وقت سے ہماری راحت اور عزت بھی جاتی رہی ہے ۔ کشف (1) و کرامت (2) کا دلیل کمال نہ ہونا بعض عوام جو کہ بزرگوں سے ملنے کے شائق رہتے ہیں کچھ ایسی بدتمیزی ہو گئی ہے کہ تارک تعلقات (3) ہندوؤں کو بھی بزرگ سمجھتے ہیں اور ان مسلمانوں کو بھی جو کہ شراب پی کر (4) سکر کی حالت میں یا جنوں کے مرض میں بے تکی ہانکنے لگتے ہیں ۔ ان کو مجذوب سمجھتے ہیں اور ان لوگوں نے مجذوبوں کی ایک عجیب پہچان تراشی ہے کہ اگر اس کی پشت کی طرف کھڑے ہو کر درود پڑھا جائے تو وہ فورا اس کی طرف منہ کر لے سو اول تو یہ خود اطلاع کی بھی دلیل نہیں ممکن ہے کہ اتفاقا منہ کر لیا ہو دوسرے زیادہ سے زیادہ اس کے صاحب کشف ہونے کی دلیل ہو گی ۔ اور صاحب کشف (5) ہو جانا کوئی بڑا کمال نہیں ۔ اگر کافر بھی مجاہدہ و ریاضت کرے تو اس کو کشف ہونے لگتا ہے ۔ نیز مجانین کو بھی کشف ہوتا ہے چنانچہ صاحب شرح اسباب نے لکھا ہے کہ مجنون کو کشف ہوتا ہے ۔ ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ (1) درمیان سے حجابات اٹھ جانا پھر چھپی چیز یا بات نظر آ جانا 12 ۔ (2) عام لوگوں کے معمول و عادت کے خلاف کوئی بات یا کام ظاہر ہونا ۔ (3) لوگوں سے تعلق چھوڑنے والے حالانکہ کفر و شرک خدا اور رسول کی دشمنی ہے پھر دوستی یعنی ولی ہونا کیسے ممکن ہے ۔ (4) نشہ 12 (5) جو روح کا علاقہ جسم سے کم کر لے یا دیوانگی کی وجہ سے کم ہو جائے اس کو کشف ہو سکتا ہے مقبول ہو یا مردود ۔