ملفوظات حکیم الامت جلد 27 - 28 - یونیکوڈ |
|
بچپن ہی سے صحبت نیک کا اہتمام ضروری ہے اکثر لوگ اپنی اولاد کے لئے تمام آسائشوں کی فکر کرتے ہیں مگر اس کی ذرا پرواہ نہیں کرتے کہ صحبت بھی نیک ہو بلکہ اکثر بد اخلاق معلموں کے سپرد کر دیتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اگرچہ یہ ناقص ہیں لیکن ابھی بچپن ہے کیا حرج ہے حالانکہ یہ تجربہ ہے کہ اگر مبادی (1) خراب ہوں تو مقاصد بھی خراب ہوتے ہیں ۔ یاد رکھو کہ خاک (2) از تو تودہ کلاں بردار یہ ضرور ہے کہ اگر کامل سے سیکھے گا تو گو کامل نہ ہو جائے گا لیکن ذی استعداد ہو جائے گا کیونکہ کامل آدمی فن کی حقیقت کو ظاہر کر دیتا ہے بخلاف ناقص کے اور یہ تو علمی ضرر ہے جس پر کم و بیش توجہ بھی ہے ۔ مگر بڑا ضرر یہ ہے کہ ناقص کی محبت میں اخلاق بالکل برباد ہوتے ہیں ۔ اس پر لوگوں کو ذرا توجہ نہیں ۔ حکایت : ہمارے یہاں ایک معلم ہیں ان کی نسبت سنا گیا ہے کہ وہ اپنے لڑکوں کو دوسرے معلم کے ہاں بھیجتے ہیں کہ جا کر اس کے مکتب کی چٹائیاں توڑ ڈالیں ۔ بتلائیے جب بچپن سے ہی یہ حالت ہو گی تو بڑے ہو کر ان کی کیا اصلاح ہو گی مگر اس پر بالکل خیال نہیں ۔ بلکہ اکثر کہتے ہیں کہ بچہ وہی ہے جو شوخ ہو حالانکہ شوخی دوسری چیز ہے اور شرارت دوسری چیز ہے غرض انسان اپنے ابنائے (3) نوع سے سبق لیتا ہے ۔ جو حالت دوسرے کی دیکھتا ہے وہی خود اختیار کرتا ہے ۔ مجھے خوب یاد ہے کہ میں اپنے گھر کے لوگوں کو علاج کرانے کے لئے ایک طبیب کے پاس لے گیا ان کو میں نے دیکھا کہ بے حد متحمل تھے ۔ باوجودیکہ بے حد نازک مزاج تھے ۔ تو میں چونکہ ان کے پاس جاتا تھا اس لئے میرا غصہ کم ہو گیا تھا میں نے غور کر کے دیکھا تو معلوم ہوا کہ محض پاس بیٹھنے کا اثر ہے تو بہت اچھا طریقہ تربیت کا صحبت ہے ۔ اب لوگ سمجھتے ہیں کہ اپنی عمر کو پہنچ کر خود ہی سنبھل جائیں گے ۔ یہ غلط ہے بچہ بولنے پر قادر نہیں ہوتا اسی وقت سے اس کے دماغ میں دوسروں کی تمام حرکات منقش (4) ہوتی ہیں اور وہ ان سے متاثر ہوتا ہے اسی واسطے حکماء نے لکھا ہے کہ بچے کے سامنے کوئی حرکت خلاف تہذیب نہ کرنی چاہیے راز ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ (1) بنیادیں یا ابتدا کی باتیں (2) مٹی بڑے ٹیلے سے اٹھاؤ (3) اپنی نوع اور قسم والوں سے (4) جم جاتی