ملفوظات حکیم الامت جلد 27 - 28 - یونیکوڈ |
اور اپنے کو قطرہ کے ساتھ تشبیہ دی ہو تو وہ کسی خاص امر میں ہو گی جیسا کہ مغربی نے کہا ہے ۔ زدریا (1) موج گونا گوں برآمد زبے رنگی بہ رنگ چوں برآمد افسوس ہے کہ یہ حالت ہے کہ جنہوں نے ایک پارہ قرآن کا بھی نہیں پڑھا وہ ان اشعار کو پڑھتے اور سنتے ہیں اور ان پر وجد کرتے ہیں حالانکہ خاک بھی نہیں سمجھتے اور اگر کچھ سمجھتے ہیں تو یہی کہ خدا پھیلا ہوا ہے ۔ اور (2) ہم اس سے نکلے ہیں اور یہ سمجھ کر اپنا دین برباد کرتے ہیں ۔ ایسے اشعار کا ان کے سامنے پڑھنا بھی جائز نہیں ہے ۔ خلاف قاعدہ شریعت کے عبادت بھی گناہ ہے اور اس عدم جواز کے حکم سے کوئی تعجب نہ کرے دیکھئے حکماء امت نے یہاں تک احتیاط کی ہے کہ بعض لوگوں کے لئے حج کو ناجائز کہہ دیا ہے مثلا ایک ایسا شخص کہ جس کے پاس زاد راہ بھی نہ ہو بیوی بچوں کے دینے کو بھی کچھ نہ ہو اس کے لئے سفر حج کو بالکل ناجائز کہا جاوے گا اور یہ بھی کوئی تعجب کی بات نہیں ۔ دیکھو عین دوپہر کے وقت نماز پڑھنا نصا (3) ناجائز ہے ۔ حالانکہ نماز کتنی بڑی عبادت ہے ۔ علی ھذا (4) عید کے روز روزہ رکھنا حرام ہے بات یہ ہے کہ ہر عبادت میں کچھ قیود وجوب (5) کے ہوتے ہیں اور کچھ شرائط (6) جواز کے ہوتے ہیں تو حج میں استطاعت (7) وجوب حج کی شرط ہے اور اہل و عیال کا حق ضائع نہ ہونا جواز حج کی شرط ہے ۔ اس کو حضرت مسعود بک خوب فرماتے ہیں اور واقعی حضرت کا کلام بدون علم ظاہری کے سمجھنا نہایت دشوار ہے ۔ ظاہرا معلوم ہوتا ہے کہ اس فرمانے کا ہر شخص مخاطب ہے مگر واقع میں مخاطب ایسے ہی لوگ ہیں سو فرماتے ہیں ۔ ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ (1) دریا میں سے رنگا رنگ موجیں نکلی ہیں تو دریا بے رنگ ہونے کے بعد کیسے کیسے رنگ میں ظاہر ہو رہا ہے یعنی حق تعالی کی قدرت نے جو ہر محتاجی سے پاک ہے کیسی کیسی وجوہات پابند جسامت و صورت و قول و عرض و رنگا رنگ بنائی ہے ۔ (2) اور یہ دونوں باتیں کفر کی ہیں پھیلنے والا جسم کہنا اور اس سے نکلنا کہنا لم یلد اور ولم یکن لھ کفوا احد اور لیس کمثلھ شیء کے خلاف اور کفر ہے ۔ (3) حدیث سے (4) ایسے ہی حدیث شریف ہے ۔ (5) واجب ہونے کی قید میں اور شرطیں کہ وہ نہ ہوں تو وہ عبادت فرض و واجب ہی نہیں ۔ (6) جائز ہونے کی کہ ان کے نہ ہونے میں ادا کرنا جائز نہیں گو وہ فرض یا واجب ہو چکی ہے ۔ (7) وہاں پہنچنے کی طاقت مالی و جانی وغیرہ ۔