ملفوظات حکیم الامت جلد 27 - 28 - یونیکوڈ |
بالجملہ مخلوق میں ایسا کوئی نہیں جو علم اور استغنا ء کی صفت علی وجہ الکمال سے موصوف ہو ایسی ذات پاک تو حق تعالیٰ کی ہی ہے - علم کی تو ان کے وہ شان ہے کہ عالم الغیب / 1 والشھادۃ ہیں - اور بے نیازی ایسی ہے جیسا مولانا فرماتے ہیں ؎ من نکردم خلق تا سودے کنم بلکہ تابر بندگان جودے کنم ( میں نے مخلوق کو اس واسطے پیدا نہیں کہا کہ میں کوئی فائدہ اٹھاؤں بلکہ اس لئے پیدا کیا ہے کہ خود مخلوق پر سخاوت کروں - ) اور خدا تعالیٰ کو اپنا نفع مقصود ہو نہیں سکتا - اس لئے کہ نفع جو ہم کو مقصود ہوتا ہے تو اس کے معنی یہ ہیں کہ ہمارے اندر ایک نقصان / 2 تھا اس نفع کے حاصل ہونے سے اس کی تکمیل ہو گئی اور حق تعالیٰ کی ذات خود کامل اکمل ہے اگر حق تعالیٰ کو بھی اپنا نفع مقصود ہو تو نعوذ باللہ ذات باری میں نقصان اور استکمال / 3 بالغیر لازم آتا ہے - بہر حال نہ خدا تعالیٰ کی برابر کسی کا علم ہے اور نہ کوئی ایسا بے غرج ہے لہذا ان دونوں مسئلوں کا فیصلہ حق تعالیٰ سے ہی کرانا چاہیئے - راحت کے فرد معتبر کی تعیین اور اس کا طریق تحصیل چنانچہ کلام اللہ کی ان آیات میں ان دونوں امروں کا فیصلہ کردیا کہ بطور حاصل ارشاد ہے کہ اے بندو تم جو اپنے مقصود یعنی راحت کو مختلف چیزوں میں ڈھونڈتے ہو کوئی مال میں راحت ولذت کا طالب ہے کوئی بیوی بچوں میں اپنے مطلوب کو تلاش کرتا ہے کوئی جاہ میں کوئی مکانات میں مشغول ہے ہم تم کو راحت حقیقی کے تحصیل کا طریقہ بتاتے ہیں وہ یہ ہے من عمل صالحا الخ مطلب ی ہے کہ جو شخص نیک کام کرتا ہے اور اس میں شرط یہ ہے کہ وہ مومون ہو یعنی عقیدہ اس کا درست ہو ہم اس کو مزہ دار زندگی عطا فرمادینگے اور اہم ان کو جزا دیں گے - بسبب احسن ان اعمال کے جو کیا کرتے تھے اس ترجمہ سے دونوں امر تنقیح طلب جو اوپر مذکور ہوئے معلوم ہوگئے یعنی یہ بھی معلوم ہوگیا کہ مقصود معتبر کیا اور اس کا طریق تحصیل کیا ہے - مقصود دو چیزیں ہیں حیات طیبہ اور اجر اور اس کا طریق بھی دو چیزوں کا حاصل کرنا ہے عمل صالح اور عقائد صیححہ - ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ / 1 ہر حاضر و غائب کے جاننے والے / 2 پیسے نہ تھے وہ مل گئے مزہ نہ تھا وہ مل گیا راحت نہ تھی وہ مل گئی - / 3 غیر کی مدد سے کامل ہونا اور بغیر اس کے ناقص رہنا اور یہ محال ہے -