ملفوظات حکیم الامت جلد 27 - 28 - یونیکوڈ |
مواخذہ بالکل سچا ہے کیونکہ بے موقع کبھی بھی نہیں ہوتی تو با ادب جب بے تمیزی کرتا ہے تو بہت ہی ناگواری ہوتی ہے ۔ آخرت کا اہتمام کس قدر ضروری ہے مسلمان اگر غور کر لے تو اس کو معلوم بھی ہو جائے کہ آخرت کی فکر کتنی ضروری ہے نیز اپنی حالت موجودہ میں غور کرنا اس ضرورت کو اور بھی موکدہ (1) کر دیتا ہے کیونکہ ہر شخص اپنی روز مرہ حالت کو دیکھ اور سوچ لے کہ اس کے تمام وقت میں سے آخرت کی فکر میں کتنا وقت خرچ ہوتا ہے ۔ حالانکہ ہر شخص کے نزدیک موت کا آنا یقینی ہے بلکہ ایسا یقینی کہ دوسرے تمام خطرات اتنے یقینی نہیں ۔ فرض کرو کہ ایک شخص کسی سخت مقدمہ میں ماخوذ اور مثل پوری اس کے خلاف ہو تو اگرچہ اس کو غالب گمان اپنے سزا پانے کا ہوتا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی رہائی کا احتمال بھی باقی رہتا ہے ۔ اسی طرح اگر ایک شخص کسی مہلک مرض میں مبتلا ہو جائے تو جس طرح اس کو ہلاک ہونے کا گمان ہوتا ہے اسی طرح صحت کا بھی گمان ہوتا ہے ۔ غرض ہر امر میں دونوں پہلو ہوتے ہیں لیکن باوجود اس کے بھی کس تندہی اور توجہ سے اس کی فکر میں مشغول ہوتے ہیں اور ہمہ تن اسی میں کھپ جاتے ہیں لیکن موت میں کسی شخص کو بھی یہ احتمال نہیں کہ میں اس سے محفوظ رہوں گا نہ کافر اس سے بچے گا نہ مسلمان ، حتی کہ شیطان جو سب سے بڑا کافر اور شریر ہے اس کو بھی ایک دن موت آئے گی کیونکہ اس کو جو مہلت دی گئی ہے ۔ انظرنی (2) الی یوم یبعثون سے ظاہر ہے غرض موت میں کسی کو شبہ نہیں بلکہ توحید جیسی یقینی چیز سے لوگوں نے انکار کیا مگر موت سے انکار نہ کر سکے ۔ معاد (3) کے متعلق مختلف رائیں ہوئی کوئی حق پر ہے کوئی باطل پر ہے مگر موت میں سب متفق رہے مگر باوجود اس قدر یقینی اور متفق علیہ مسئلہ ہونے کے اس کو ہم نے ایسا بھلا دیا ہے کہ یاد دلانے سے بھی ہم کو یاد نہیں آتی نہ تذکیر قولی (4) سے نہ تذکیر فعلی سے مثلا اگر ہمارے سامنے کوئی مرتا ہے تو ہم اس کے جنازے میں شریک ہوتے ہیں ۔ قبرستان تک جاتے ہیں لیکن ہنستے کھیلتے چلے آتے ہیں ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ (1) قوی اور تاکیدی (2) مجھے قیامت تک کی مہلت ( زندگی دیدیجئے ) (3) دوبارہ زندہ ہونے کے لئے (4) نہ زبانی یاد دلانے اور وعظ و نصیحت سے نہ کسی واقعہ سے ۔