ملفوظات حکیم الامت جلد 27 - 28 - یونیکوڈ |
دیکھا اور فلاح دین یا دنیا میں اس کی حاجت نہ دیکھی اس کی گفتگو کرنے سے منع کر دیا اور ایسے دقائق (1) و غوامض پر چونکہ نجات موقوف نہیں اس لئے اس کی حاجت نہیں ۔ پس اس میں کلام کرنا پسند نہیں کیا گیا ۔ اضاعۃ عمر ہے اور احتمال ضرر ہے ۔ حکایت : صحابہ کرام ایک مرتبہ مسئلہ قدر میں کچھ گفتگو کر رہے تھے کہ حضور صلی اللہ علیہ و سلم تشریف لے آئے اور سنا تو فرمایا کہ تم لوگ کیا گفتگو کر رہے ہو معلوم ہوا تو عتاب فرمایا کہ اس میں گفتگو کرتے ہو ۔ کیا میں اس لئے مبعوث ہوا ہوں اور فرمایا کہ جو اس میں گفتگو کرے گا اس سے باز پرس ہو گی ۔ کیوں اس میں گفتگو کی ۔ اور ایک لطیف معنی یہ بھی ہو سکتے ہیں کہ یہ سوال ہو گا ۔ ذرا ہم بھی سنیں تم نے اس بارہ میں کیا تحقیق کی ہے ۔ اس سے وہ شخص دم بخود رہ جائے گا اور عجز کی وجہ سے کچھ جواب نہ دے سکے گا ۔ حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے اس حدیث میں اس قسم کے علوم میں گفتگو کرنے سے ممانعت کی طرف اشارہ کر دیا ۔ علم (2) اسرار وہبی ہے دلائل سے حل نہیں ہوتا کمال کے بعد قیل و قال (3) کی حاجت نہیں رہتی کیونکہ یہ علم وہبی (4) ہے دلائل سے حل نہیں ہو سکتا اور وجہ اس کی یہ ہے کہ ان امور کے اظہار کی حاجت تو ہے نہیں جیسا اوپر بیان ہوا اور الفاظ وضع ہوئے ہیں ۔ حاجت کی چیزوں پر دلالت کرنے کے لئے سو ان مفہومات کے لئے الفاظ موضوع نہیں ہیں تو اگر ان مضامین کو الفاظ سے تعبیر کیا جاوے گا تو وہ تشبیہات ہوں گی اور وہ بالکل ناکافی ہیں ۔ تشبیہات کے ناکافی ہونے کی مثال کے لئے ایک قصہ عرض کرتا ہوں ۔ حکایت : مشہور ہے کہ ایک اندھے مادر زاد کی دعوت اس کے کسی شاگرد نے کی حافظ جی نے پوچھا کیا پکاؤ گے شاگرد نے کہا کہ کھیر پکاؤں گا کہنے لگے کھیر کیسی ہوتی ہے ۔ شاگرد نے کہا کہ سفید کہنے لگے کہ سفید کس کو کہتے ہیں اس نے کہا کہ جیسے بگلا ۔ حافظ نے کہا کہ بگلا کیسا ہوتا ہے ۔ شاگرد نے ہاتھ سے اس کی ہیئت بتائی ۔ حافظ جی نے اس کو ٹٹول کر ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ (1) باریک اور گہرے علوم (2) اللہ تعالی کے راز ان کا علم حق تعالی کا بلا واسطہ عطیہ ہوتا ہے کامل ہو جانے کے بعد لفظوں سے بتانے سیکھنے کی حاجت نہیں رہتی ۔ (3) عطاء الہی