ملفوظات حکیم الامت جلد 27 - 28 - یونیکوڈ |
قیمت لا کر دیا آپ نے خادم کے سپرد کر دیا کہ جب ہم مانگا کریں ہم کو دے دیا کرو ۔ ایک روز اتفاق سے خادم کے ہاتھ سے گر کر ٹوٹ گیا خادم ڈرا اور حاضر ہو کر عرض کیا ۔ از قضا (1) آئینہ چینی شکست آپ نے بے ساختہ نہایت خوش ہو کر فرمایا کہ ع خوب (2) شد اسباب خود بینی شکست اور مال تو کیا چیز ہے اولاد کے مر جانے پر بھی یہ حضرات پریشان نہیں ہوتے ۔ یہ دوسری بات ہے کہ طبعی رنج ہو سو یہ کوئی مذموم نہیں (3) انبیاء (4) علیہم السلام کو بھی ہوا ہے غرض دین کے ساتھ اگر دنیا بھی ہو گی تو وہ دنیا بھی مزہ دار ہو گی ۔ بلکہ اگر نرا دین ہو اور دنیا نہ ہو تب بھی ان کی زندگی نہایت مزہ دار ہے اس لئے کہ وعدہ ہے ۔ من (5) عمل صالحا من ذکر او انثی وھو مؤمن فلنحیینھ حیوۃ طیبۃ ان حضرات کو ہیچ (1) ندارد میں بھی لطف آتا ہے ۔ حکایت : حضرت شاہ ابو المعالی کی حکایت ہے کہ ایک مرتبہ آپ گھر پر موجود نہ تھے کہ آپ کے مرشد تشریف لائے ۔ اتفاق سے اس روز گھر میں فاقہ تھا ۔ اہل خانہ نے دیکھا کہ حضرت تشریف لائے ہیں آپ کے لئے کوئی انتظام ہونا چاہیے ۔ آخر خادمہ کو محلے میں بھیجا کہ اگر قرض مل جائے تو کچھ لے آئے ۔ خادمہ دو ، تین جگہ جا کر واپس چلی آئی اور کچھ نہ ملا ۔ متعدد مرتبہ کی آمد و رفت سے حضرت کو شبہ ہوا اور آپ نے حالت دریافت فرمائی معلوم ہوا کہ آج فاقہ ہے ۔ آپ کو بہت صدمہ ہوا اور آپ نے ایک روپیہ نکال کر دیا کہ اس کا اناج لاؤ چنانچہ اناج آیا آپ نے ایک تعویذ لکھ کر اس میں رکھ دیا اور فرمایا کہ اس اناج کو مع تعویذ کے کسی برتن میں رکھ دو ۔ اور اسی میں سے خرچ کیا کرو ۔ چنانچہ ایسا ہی کیا گیا اور اس اناج میں خوب برکت ہوئی ۔ چند روز کے بعد جو شاہ ابو المعالی صاحب آئے تو کئی وقت تک کھانے کو برابر ملا ۔ آپ نے ایک روز تعجب سے پوچھا کہ کئی روز سے فاقہ نہیں ہوا ۔ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ (1) قضا آنے سے چین ولا شیشہ ٹوٹ گیا ہے ۔ (2) اچھا ہوا خود کو دیکھنے کا ذریعہ ٹوٹ گیا یعنی خدا پر نظر کی جگہ خود کو دیکھنا اپنے کسی کمال پر نظر کرنا برا ہے آئینہ میں صورت دیکھنا بھی ایک قسم کا خود دیکھنا تھا اور آئینہ اس کا ذریعہ تھا ۔ اچھا ہوا ختم ہو گیا ۔ (3) برا ۔ (4) طبعی رنج اختیار میں نہیں گرفت میں بھی نہیں 12 (5) جو مرد یا عورت نیک عمل کرے اور وہ مومن ہو تو ہم اس کو اچھی زندگی سے زندہ رکھیں گے ۔ (1) کچھ نہ رکھیں