ملفوظات حکیم الامت جلد 27 - 28 - یونیکوڈ |
|
بندہ کو دوزخ کا عذاب نہ ہو اور وہ خدا تعالی کے قہر سے محفوظ رہے ۔ شاید کسی طالب علم کو یہ شبہ ہو کہ خدا تعالی کے قہر سے محفوظ رہنے کی یہ بھی صورت ہو سکتی ہے کہ وہ مظلوم معاف کر دے تو سمجنا چاہیے کہ بعض لوگوں کا معاملہ خدا تعالی کے ساتھ ایسا ہوتا ہے کہ اگر وہ معاف (1) بھی کر دیں تو خدا تعالی اپنا حق کہ ان کے بندے کو ستایا تھا معاف نہیں فرماتے ۔ حکایت : ایک بزرگ کا واقعہ ہے کہ وہ چلے جا رہے تھے کہ ایک شخص نے ان کو کچھ بیہودہ کہا ان بزرگ نے اپنے ایک مرید کو حکم دیا کہ اس کے ایک دھول مار دو ذرا متامل (2) ہوا فورا وہ شخص زمین پر گرا اور مر گیا ۔ انہوں نے اپنے مرید سے کہا تم نے دیر کی اور اس کا نتیجہ دیکھ لیا اور فرمایا کہ جب اس نے مجھے برا بھلا کہا تو میں نے دیکھا کہ قہر خداوندی اس پر نازل ہونا چاہتا ہے ۔ اس لئے میں نے چاہا تھا کہ میں خود ہی اس کو کچھ کہہ لوں تاکہ قہر خداوندی اس پر نہ پڑے لیکن تم نے دیر کی آخر یہ شخص ہلاک ہو گیا اور یہی راز ہے کہ جب حضور صلی اللہ علیہ و سلم کے دہن مبارک میں کڑوی دوا ڈالی گئی اور آپ کے منع فرمانے پر لوگوں نے نہیں مانا تو حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے ہوش آ جانے کے بعد فرمایا کہ جن لوگوں نے میرے منہ میں دوا ڈالی ہے ان سب کے منہ میں دوا ڈالی جائے ۔ سوائے عباس کے کہ وہ شریک رائے نہ تھے ۔ تاکہ مکافات (3) ہو جائے اور یہ لوگ قہر خداوندی میں مبتلا نہ ہوں ۔ حضرت مرزا مظہر جان جاناں اکثر لوگوں کو اپنے پاس آنے کی اجازت نہ دیتے تھے کسی نے اس کا سبب پوچھا تو آپ نے فرمایا کہ لوگوں کی اکثر حرکات سے مجھے تکلیف ہوتی ہے ۔ اور میری تکلیف کی وجہ سے لوگ وبال میں مبتلا ہو جاتے ہیں ۔ اور میں نے ہر چند خدا تعالی سے یہ دعا کی کہ میری وجہ سے لوگوں کو تکلیف نہ پہنچے لیکن میری یہ دعا قبول نہیں ہوتی ۔ حافظ فرماتے ہیں ۔ بس (4) تجربہ کردیم دریں دیر مکافات بادرد کشان ہر کہ درافتاد برافتاد ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ (1) ان کے معاف کرنے سے ان کا حق تو معاف ہو سکتا ہے اور اللہ کا حق کہ ان کے ولی کو ستایا باقی ہے ۔ (2) سوچ والا (3) بدلہ (4) ہم نے اس بدلہ کے گھر میں بہت تجربہ کیا ہے کہ شراب عشق الہی کی تلچھٹ پینے والوں سے جس نے مخالفت کی وہی گر گیا ۔