ملفوظات حکیم الامت جلد 27 - 28 - یونیکوڈ |
|
چکی پسواؤ ۔ کیونکہ اکثر امارت کے لئے بیماری لازم ہو گئی ہے ۔ وہ امیر بھی کیا ہوا جس کے پاس صحت جیسی خدا کی نعمت نہ ہو ۔ اور وجہ اس کی یہی آرام طلبی ہے ۔ اس لئے میں نے جو کہا کہ تم ایسا کیا کرو تو ان میں سے بعض کہنے لگیں کہ خدا نہ کرے تم ایسی فال کیوں نکالتے ہو ۔ اور یہاں تک ہم لوگوں کی شان بڑھ گئی ہے کہ اکثر عورتوں نے چرخہ کاتنا چھوڑ دیا ۔ حکایت : ہمارے وطن میں ایک عورت کا قصہ ہے کہ وہ چرخہ کات رہی تھیں اور اس زمانہ میں ان کی ساس مر گئی تھیں تو کوئی عورت جو ان کے یہاں تعزیت کے لئے آئی تو آہٹ پاتے ہی چرخہ کو اٹھا اور اندھے باولوں کی طرح کوٹھڑی میں پھینک آگے سے کواڑ بند کر دیئے ۔ تاکہ مہمان (1) کو معلوم نہ ہو ۔ غرض حضرت فاطمہ کے ہاتھ میں چھالے پڑ گئے تھے ۔ حضرت علی نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ و سلم سے کوئی غلام لونڈی لے آؤ ۔ تاکہ کچھ مدد دے ۔ چنانچہ حضرت فاطمہ حضور کے پاس گئیں اپنی راحت کے لئے یا شوہر کے امتثال (2) امر کے لئے جس وقت حضور کے گھر پہنچیں تو حضور تشریف فرما نہ تھے ۔ یہ حضرت عائشہ سے کہہ کر چلی آئیں ۔ جب حضور صلی اللہ علیہ و سلم گھر میں تشریف لائے تو حضرت عائشہ سے معلوم ہوا ۔ آپ حضرت فاطمہ کے پاس تشریف لے گئے ۔ اس وقت حضرت فاطمہ لیٹی ہوئی تھیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کو دیکھ کر اٹھنے لگیں تو حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا کہ لیٹی رہو ۔ غرض اس وقت پھر حضور سے عرض کیا گیا آپ نے فرمایا کہ اگر کہو تو غلام لونڈی دے دوں اور کہو تو اس سے بھی اچھی چیز دے دوں ۔ یہ سن کر فاطمہ نے پھر یہ نہیں پوچھا کہ وہ اچھی چیز کیا ہے ۔ بلکہ فورا عرض کیا کہ اچھی چیز ہی دیجئے ۔ آپ نے فرمایا کہ سوتے وقت سبحان اللہ (3) تینتیس بار اور الحمد اللہ (4) تینتیس بار اور اللہ اکبر چونتیس بار پڑھ لیا کرو ۔ بس یہ غلام لونڈی سے بھی بہتر ہے ۔ اس خدا کی بندی نے خوشی خوشی قبول کر لیا تو دیکھئے حضور صلی اللہ علیہ و سلم کو فقر محبوب تھا تو اپنی اولاد کے لئے بھی آپ نے اس کو تجویز کر کے دکھلا دیا ۔ نیز ارشاد فرمایا کہ ہماری اولاد کے لئے زکوۃ حلال نہیں ۔ کیا یہ ممکن نہ تھا کہ ایسے قوانین مقرر ہوتے کہ سب روپیہ ان ہی کو ملتا ۔ مگر ایسا نہیں ہوا ۔ تو دلچسپی اس کو کہتے ہیں ۔ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ (1) اللہ تعالی ہر برائی سے پاک ہے (2) سب تعریفیں اللہ تعالی کے لئے ہیں ۔ (3) اللہ تعالی ہر چیز سے ہر طرح بڑے ہیں ۔