ملفوظات حکیم الامت جلد 27 - 28 - یونیکوڈ |
|
زنا کرنے کو گناہ سمجھتے ہیں مگر دنیا میں کھپ جانے کو کوئی گناہ نہیں سمجھتا ۔ حالانکہ یہ ایسا مرض عام ہے کہ جس میں قریب قریب سب مبتلا ہیں اور ایسا قوی ہے کہ سب معاصی اسی کو فروع (1) ہیں ۔ مثلا کوئی شخص نماز میں کوتاہی کرتا ہے تو اس کا سبب یہی ہے کہ وہ دنیا میں غرق ہے اور دین سے بے فکر ہے ۔ علی ہذا روزہ حج زکوۃ جس چیز میں بھی کوتاہی ہو اس کا سبب یہی ہے اگر کوئی شخص بدکاری میں مشغول ہے تو اس کی وجہ یہی دین سے بے فکری اور دنیا میں انہماک ہے ۔ غرض اس میں طویل تقریر کی ضرورت نہیں اگر ذرا غور کیا ہو گا تو معلوم ہوا ہو گا کہ وجہ سب معاصی کی یہی (2) انہماک فی الدنیا ہے ۔ مگر پھر بھی یہ سب ہی کا شعار (3) ہو رہا ہے حتی کہ دیندار بھی باستثناء عارفین و اہل تقوی و اہل فکر کے سب اس میں مبتلا ہیں ۔ دینداروں کی دینداری بھی اتنی ہی ہے کہ نماز پڑھ لیں اگرچہ بے فکری ہی سے ہو ۔ اور داڑھی نیچی کر لیں اگرچہ لوگوں کا مال دبا رکھا ہو ۔ معاملات میں ضرر پہنچاتے ہوں ۔ غرض دینداری بھی آج کل اس کا نام ہے کہ صورت دینداروں کی سی ہو اور سیرت میں صرف وہ باتیں ہوں جو رسوائی سے بچائیں مثلا پانچ وقت کی نماز پڑھنا روزہ رکھ لینا اگرچہ حالت یہ ہو کہ از بروں (4) چوں گور کافر پر خلل داندروں قہر خدائے عزوجل از بروں (5) طعنہ زنی بربایزید وز درونت ننگ می دارد یزید تو حالت یہ ہے لیکن وہ خود بھی اپنے کو اور دوسرے بھی اس کو دیندار سمجھیں گے ۔ اور ان کی اس حالت کا یہ نتیجہ ہوتا ہے کہ خود تو بگڑے ہی تھے ۔ دوسروں کے لئے بھی ایک برا نمونہ بن گئے اور ایسے ہی لوگ ہیں جو مرض کو ہنر اور ہنر کو مرض سمجھتے ہیں کہ زیادہ تقوی کرنے سے دنیا کا نقصان ہوتا ہے تو جب ان کی یہ حالت ہے تو دنیا داروں کی کیا شکایت کی جائے ۔ غرض مرض (6) انہماک فی الدنیا اس لئے اشد (7) ہو گیا ہے کہ لوگ اس سے غافل ہیں اور انہوں نے اس کو صحت سمجھ رکھا ہے ۔ ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ (1) شاخیں ۔ (2) دنیا میں کھپ جانا (3) خصوصیت (4) باہر سے تو کافر کی قبر کی طرح ہے کہ حلوں والی زیب و زینت والی مگر اندر خدا تعالی کا عذاب (5) تم باہر اور ظاہری حالت سے تو حضرت بایزید بسطامی پر طعنہ کرنے والے یعنی شرمانے والے ہو اور تمہارے باطن سے یزید بھی شرم رکھتا ہے ۔ (6) دنیا میں کھپ جانے کی بیماری (7) بہت سخت