مواہب ربانیہ |
ہم نوٹ : |
|
بیان فرمایا اس سے وہ بہت متأثر ہوئے اور کہا کہ میرے پاس مسلم اور غیر مسلم عورتیں آتی ہیں مجھے ان کو دیکھنا پڑتا ہے ان کا معالجہ بھی کرنا پڑتا ہے ان سے باتیں بھی کرنی پڑتیں ہیں،میرے لیے نظر کی حفاظت کا کیا طریقہ ہے؟ حضرتِ والا سے پوچھ کر بتائیے۔عورتوں کے معاینہ کے لیے لیڈی ڈاکٹر رکھی جائے ارشاد فرمایا کہ اصل بات تو یہ ہے کہ عورتوں کے لیے کوئی عورت ڈاکٹر ماہر قلب (ہارٹ اسپیشلسٹ) ملازم رکھ لی جائے جو صرف عورتوں کو دیکھے، چاہے تنخواہ پر رکھ لیں یا نفع میں شریک کرلیں جیسا مناسب ہو۔ اس میں آمدنی چاہے کم ہوجائے، اس کو اﷲ کی رضا کے لیے برداشت کریں۔ انڈا مکھن چاہے کم ہوجائے لیکن دل کو ایسا سکون ملے گا کہ اس کے سامنے روپے کی کیا حقیقت ہے؟ اور جو اﷲ کو راضی کرنے کی ہمت کرلیتا ہے تو پھر اﷲ اس کی مدد فرماتے ہیں، کوئی کمی نہیں ہوتی۔ بمبئی میں میرے ایک دوست دانتوں کے ڈاکٹر مجھے اپنے مطب میں میرے دانت بنانے کےلیے لے گئے، نوجوان تھے، میں نے دیکھا کہ ایک کرسچین لڑکی کا گال پکڑ کر اس کا دانت دیکھ رہے ہیں۔ میں نے بعد میں ان سے کہا کہ آپ کے باطن کا تو ستیاناس ہوجائے گا۔ تبلیغ میں جو آپ چلّے لگاتے ہیں سارے چلّوں کا نور ضایع ہوجائے گا ایک ہی معاینہ میں۔ کہنے لگے کہ پھر میں کیا کروں۔ میرے پاس تو لڑکیاں بھی آتی ہیںاور مرد بھی آتے ہیں۔ میں نے کہا کہ عورتوں کے لیے آپ کوئی لیڈی ڈاکٹر ملازم رکھ لیں جو صرف عورتوں کو دیکھے اور آپ صرف مردوں کو دیکھیں۔ اب اس میںآمدنی اگر کم ہوتی ہے تو ہونے دیجیے، اﷲ کےلیے کچھ تکلیف برداشت کرو۔ صحابہ نے تو پیٹ پر پتھر باندھے تھے ہمیں انڈے مکھن میں ذرا کمی کرنا گوارا نہیں۔ چناں چہ انہوں نے ایسا ہی کیا اور آج تک وہ شکریہ ادا کرتے ہیں کہ واقعی اگر میں ایسا نہ کرتا تو میری داڑھی کا بچنا، میرا دین پر قائم رہنا محال تھا اور یہ بھی کہا کہ میری آمدنی میں کوئی کمی نہیں ہوئی بلکہ اور اضافہ ہوگیا۔ میں کہتا ہوں کہ اﷲ پر کوئی مر کر تو دیکھے۔ بھلا جو اُن پر مرے گا اس کو وہ برباد ہونے دیں گے؟