مواہب ربانیہ |
ہم نوٹ : |
|
معافی مانگو یہ دلیل ہے کہ وہ ہم کو معاف کرنا چاہتے ہیں لہٰذا معافی مانگنے میں دیر نہ کرو۔ ( مکہ مکرمہ بعد نماز عشا ۹ بجے)اللہ کے نام کی عظمت اور اشکِ محبت کی قیمت ارشاد فرمایا کہ میرا ذوق یہ ہے کہ جس نے ایک بار بھی اخلاص سے اللہ کا نام لے لیا اللہ تعالیٰ اس کو جہنم میں نہیں ڈالیں گے۔ ان کا نام بہت بڑا نام ہے جس کے منہ سے ایک بار بھی محبت سے ان کا نام نکل گیا اللہ کی رحمتِ غیر محدود سے بعید ہے کہ اس کو جہنم میں ڈال دے اور جس کا ایک آنسو اللہ کے لیے نکل گیا وہ کبھی مردود نہیں ہوسکتا، اس کا سوئے خاتمہ نہیں ہوسکتا ۔ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں وہ آنسو محفوظ ہوجاتا ہے اگر کبھی نفس سے مغلوب ہو کر وہ اللہ سے بھاگ بھی جائے تو اللہ کے علم میں وہ آنسو محفوظ ہوتا ہے۔ اس کو بہانہ بنا کر اللہ تعالیٰ کی رحمت اس کو تلاش کرلیتی ہے کہ یہ کبھی ہمارے لیے رویا تھا اس کو ہم کیسے ضایع کردیں۔یہ ملفوظ بیان فرماکر حضرتِ والا نے نہایت درد اور رقّت آمیز آواز میں فرمایا کہ یہ معمولی باتیں نہیں ہیں، میرے بزرگوں کی جوتیوں کاصدقہ ہے جن کی برکت سے اللہ تعالیٰ یہ علوم عطا فرماتے ہیں۔ (یکم رمضان المبارک ۱۴۱۷ھ مطابق ۱۰؍جنوری ۱۹۹۷ ء بروزِ جمعہ اندرون حرمِ مکہ مکرمہ بعد فجر)اسلام کی حقانیت کی ایک عجیب دلیل ارشاد فرمایا کہ ایک دعا ایسی ہے جو سوائے حج وعمرہ کے کسی عبادت میں تعلیم نہیں کی گئی نہ نماز میں نہ روزہ میں نہ زکوٰۃ میں حتّٰی کہ جہاد میں بھی نہیں بتائی گئی سوائے حج وعمرہ کے کہ اے اللہ! اس کو آسان فرمااور قبول فرما۔ حالاں کہ اس وقت ابتدائے اسلام میں حج کچھ مشکل نہیں تھا،کیوں کہ چند لوگ تھے لیکن اللہ کے علم میں تھا کہ ایک زمانہ آئے گا کہ یہاں ہجوم ہوگا اور اس وقت مشکل پیدا ہوگی لہٰذا چودہ برس پہلے جبکہ مشکلات کے اسباب نہ تھے یہ دعا سکھائی گئی کہ اے اللہ! میرے حج وعمرہ کو آسان فرما۔ یہ اسلام کے سچا دین ہونے کی دلیل ہے۔