احتساب قادیانیت جلد نمبر 57 |
|
۱ … ایک طویل مراسلت مولوی نور الدین مرزائی کا خط اپنی استاد کی طرف! مولانا۔ تسلیم۔ اس وقت آپ کے ایک شاگرد نے جن کا نام محمد شریف اﷲ ہے اور ضلع پشاور کے ہیں۔ آپ کے پرانے شاگرد نور الدین سے ذکر کیا ہے کہ میرے بزرگ استاد مولوی الٰہی بخش نے مجھے نصیحت کی ہے کہ پیروں کے پھندے میں نہ آنا اور نہ مرید بننا۔ میں نے ان سے عرض کیا کہ آپ نے مولانا سے یہ بھی پوچھا کہ پیرکس کو کہتے ہیں اور مرید کیا ہوتا ہے واجب تھا کہ آپ جامع مانع معنی پیرومرید کے پوچھ لیتے مگر انہوں نے جواب میں صفر کو بیان کیا۔ مجھے دیر تک تعجب رہا کہ کہیں اس نصیحت میں خود مولوی الٰہی بخش صاحب بایں پیری پیر نہ بنے ہوں اور محمد شریف اﷲ کو مرید نہ بنالیا ہو (پیری وصد عیب والی پیری میں تو خود ہماری مولانا۔ بلکہ بوڑھے سید بھی داخل تھے۔ میری مراد اس پیری سے نہیں اور نہ جناب کا منشاء ہوگا) میں نے سید کے اتباع کو اور خود سید کو بھی دیکھا ہے کہ وہ پیری ومریدی اور علماء کے اتباع سے روکتے تھے اور خود اپنی اتباع کو عملاً پسند فرماتے تھے۔ اس معماّ کو اگر آپ حل فرما دیں گے تو آپ کی قدیم استادی کا لازمہ ہوگا۔ اس خط کا راقم آپ کا پرانا شکر گزار شاگرد نور الدین ساکن بھیرہ اور محمد شریف اﷲ ساکن ضلع پشاور۔ نور الدین از قادیان دارالامن والایمان ضلع گورداسپور۔ ۳؍مئی۱۹۰۳ء جواب از جانب استاد مولوی الٰہی بخش صاحب مدرس پنشنر بسم اﷲ الرحمن الرحیم۔ الحمدﷲ رب العٰلمین والصلوٰۃ والسلام علی خاتم النّبیین وعلیٰ الہ واصحابہ اجمعین۔ جناب مولوی نور الدین صاحب۔ السلام علی من اتبع الہدی۔ آپ کا خط پہنچا نہایت تعجب ہوا۔ اب تک تو پیری وصد عیب والی حالت پر نہیں پہنچی پھر ایسے اختلاط اختلال کا کیا باعث۔ آپ کو بایں پیری ومریدی جدید پیرومرید کے معنی میں کس قدر تردد وتحیر ہوا کہ اس کا معنی جامع ومانع پوچھتے ہیں اور پھر اس کو (باوجود اظہر من الشمس ہونے کے جس کو جہال واطفال بھی جانتے ہیں) معماّ جان کر اس کے حل کرنے سے اس قدر ممنونیت ظاہر فرماتے ہیں کہ اس کو قدیم استاذی کا لازمہ جانتے ہیں اگر اتنی بھی سمجھ نہیں تو پھر میرے حل کو آپ کس طرح سمجھیں گے۔ خیر! میں نے تو محمد شریف اﷲ کو بحکم الدین النصیحۃ کے یہ نصیحت کی ہے کہ جو زمانہ حال کے پیر ہیں کہ اپنے مریدوں کو بدعات ومحدثات وزندیقت والحاد کی تعلیم کرتے ہیں بلکہ شرک کی طرف توجہ دلاتے ہیں ان سے بچنا چاہئے۔ نہ یہ کہ جو علماء وصلحاء صراط مستقیم صراط منعم علیہم من النّبیین والصدیقین والشہداء والصالحین اور مہاجرین