احتساب قادیانیت جلد نمبر 57 |
|
ہے مضمون کیا ہے گویا سرخ آنسوئوں سے لکھا ہوا اماتمنامہ ہے۔ کوئی صاحب غلام محمد نام امریکن مشن گورداسپور سے اس لئے موقوف کئے گئے ہیں کہ وہ مرزائی تھے۔ البدر نے اس پر بہت کچھ واویلا کی ہے کہ پادری لوگ سخت متعصب ہیں وغیرہ۔ اس مضمون کا غیر محل اور ناموزوں عنوان (کسر صلیب) رکھا ہے۔ حالانکہ واقعہ یہ بتاتا ہے کہ اس کا نام کسر منارہ یا کسر مسیح مجہول ہو۔ مرزا قادیانی اور ان کے حواری دنیا کو تو متعصب بتاتے ہیں۔ مگر اپنی آنکھ کا شہتیر نہیں دیکھتے۔ اس سے زیادہ اور کیا تعصب ہوگا کہ کسی نبی کے معجزات وخوارق عادات ان کو نہیں بھاتے۔ اورسرے سے معجزات ہی کا انکار کر بیٹھے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ مرزا اور مرزائیوں کے نزدیک تمام انبیاء کے مراتب وکمالات خواب وخیال بلکہ تقویم پارینہ ہیں پھر آپ سے ساری خدائی کو تعصب کیوں نہ ہو۔ جب آپ عیسیٰ مسیح کو اپنی کتابوں میں گالیاں دیں اور حواری ان کتابوں کو پڑھ کر عیسائیوں سے مباحثہ اور مناظرہ کریں تووہ عیسائی نہایت ہی بے غیرت ہیں۔ جو آپ کے گروہ سے تعصب نہ رکھیں اور حتی الوسع ان کی جڑیں کھود کر نہ پھینکیں اور درحقیقت یہ مقدس مذہب اسلام سے ارتداد کرنے اور ملحدانہ عقائد پر فریفتہ ہونے کی قدرت الٰہی سے سزا مل رہی ہے اور انشاء اﷲ ملے گی۔ تمام انبیاء کو گالیاں، مسلمانوں سے جنگ، ہنود سے مہا بھارت، آریا سے پیکار، عیسائیوں سے کارزار ہے تو مرزائیوں کو زیر آسمان کہیں بھی پناہ نہ ملے گی اور ہر مقام، ہر دفتر، ہر محکمہ سے ان کا تھم اکھڑ جائے گا اور طلب معاش اور دانہ دانہ کی تلاش میں زمین کا گز بن کر پیوند زمین ہو جائیں گے۔ مرزائی چونکہ اپنے افعال وہنجار یعنی یا وہ گوئی اور سب وشتم میں اپنے پیشوا کے قدم بقدم اور اس کے خوارق کے آئینے ہیں لہٰذا سب جگہ مطعون اور خستہ وخراب ہیں۔ اور خود موجودہ زمانہ ان سے برسر جنگ ہے اور یہی لیل ونہار ہے تو چند روز میں دنیا دیکھ لے گی کہ مرزا اور اس کی کارروائیوں کا نام ونشان بھی نہ رہے گا اور منارہ پر الو بولیں گے۔ انشاء اﷲ تعالیٰ۔ ؎ تاروپودے مے تند برقصر قیصر عنکبوت چغد نوبت مے زند برگنبد افرا سیاب اور درحقیقت مرزاقادیانی کو اپنے نئے پنتھ کے پھیلنے کا بھی چنداں خیال نہیں وہ تو کمائو پوت چاہتے ہیں جو اپنے گاڑھے خون کا کمایا ہوا روپیہ قادیان کو بھیجیں اور منہ مانگے چندے دیں۔ اس لئے وہ اشتہار دیتے ہیں کہ جو مرید چندہ نہ دے گا رجسٹر بیعت سے اس کا نام خارج ہوگا۔ پس وہ موٹا اور چرب شکار چاہتے ہیں نہ کہ صید لاغر ۔