اردو محاورات کا تہذیبی مطالعہ |
|
مِصری کھلانا مصری خاص طرح کی مٹھائی ہے برف جیسی شفاف ڈلیوں والی مٹھائی یہ خوشی کے موقع پر رسماً بھیجی بھی جاتی ہے اور کھِلائی بھی جاتی ہے اچھی باتوں کو مصری کی ڈلیاں بھی کہا جاتا ہے میٹھائی کھلانا یا مٹھائی بانٹنا ہمارے معاشرے میں خوشی کا اظہار کرنا ہے۔مطلع صاف ہو جانا آسمان کے کنارے کو جہاں چاند نظر آتا ہے مطلع کہتے ہیں اگر مطلع غبار آلود یا ابرآلود ہوتا ہے تو چاند نظر نہیں آتا اور مطلع کے صاف ہونے کی صورت میں ہم نئے چاند کو صاف صاف دیکھ سکتے ہیں اسی لئے کہتے ہیں کہ مطلع صاف ہے غبار کا پردہ یا ابر کا ٹکڑا نہیں ہے یہ محاورہ خاص طور پر بھی استعمال ہوتا ہے اور ایسے آدمی کے لئے کہا جاتا ہے جس کے ذہن میں کچھ نہیں ہوتا جو دل سے محسوس نہیں کرتا اور دماغ سے سوچتا نہیں اس کے لئے کہا جا تا کہ وہاں تو مطلع صاف ہے وہ بالکل خالی الذہن ہے۔معرکے کا آدمی معرکہ جنگ کو بھی کہتے ہیں کسی اور مقابلہ کو بھی اب جو آدمی مقابلہ کی سکت رکھتا ہے وہ معرکہ آدمی کہلاتا ہے اب یہ ظاہر ہے کہ جو آدمی معرکہ کا آدمی ہو گا وہ معمولی آدمی نہیں ہو سکتا غیر معمولی آدمی کو بھی معرکہ کا آدمی کہا جاتا ہے۔مغز کھانا، مغز چٹ کر جانا، مغز کو چڑھنا، مغز کے کیڑے جھڑنا یا مغز کی کیل نکلنا وغیرہ ہمارے یہاں بعض لوگ غیر ضروری باتیں کرنے کے عادی ہوتے ہیں اور اپنی باتوں سے دوسروں کو پریشان کرتے ہیں جس سے اُن کی سوچ بچار کی قوت کم ہو جاتی ہے یا ختم ہو جاتی ہے یہ وقتی طور پر ہوتا ہے اُسے محاورے کے طور پر کہتے ہیں کہ وہ تو خواہ مخواہ مغز خالی کرنا یا مغز چٹ کرنا کہتے ہیں ۔ جب کوئی دوا خوشبو یا بدبو بے طرح دماغ کو متاثر کرتی ہے تو اسے مغز کو چڑھنا کہتے ہیں ۔