اردو محاورات کا تہذیبی مطالعہ |
|
یعنی گھر کا اپنا خاص آدمی ہی گھرکی تباہی کا باعث ہوا۔ گھر میں گھس کر بیٹھ جانا یہ بھی گھر سے متعلق محاورہ ہے اس کے معنی ہوتے ہیں کہ دشمنی کرنے والے گھر میں گھسے بیٹھے ہیں اور دشمنی کر رہے ہیں گھر گھسنا خانہ نشیں ہونا الگ بات ہے یہ آدمی کے الگ الگ رویوں اور way of lifeکو ظاہر کرتا ہے۔گھرکا بھیدی لنکا ڈھا دے مشہور کہاوت ہے اور اس کے معنی یہ ہیں کہ جو خاندانی حالات سے واقف ہوتا ہے وہ زیادہ نقصان پہنچاتا ہے۔ ہم مندرجہ ذیل محاوروں کو بھی گھر سے نسبت کے ساتھ لے سکتے ہیں اور سمجھ سکتے ہیں جیسے گھر کا راستہ لو گھرکا فرد گھر کا نام ڈبونا گھر کے گھر بند ہو گئے گھر تالے پڑ گئے یا گھر گھر کے بے چراغ ہو گئے وغیرہ۔گھر میں ڈالنا کسی عورت کو گھر میں رکھ لینا اور بیوی کے طور پر رکھنا گھر میں ڈال لینا کہلاتا ہے۔گھمسان کا رن پڑنا، گھمسان کی لڑائی ہونا بہت بڑے پیمانہ پر لڑائی کے ہونے کو کہتے ہیں ۔ گھمسان کا رن پڑا یعنی بہت جنگ ہوئی خون خرابہ ہوا لڑائی اب بھی ہوتی ہے لیکن اب ذہنوں میں دلوں میں زیادہ ہوتی ہے۔گھن چکر ہونا یعنی بُری طرح چکر کھانا یا چکروں میں پھنسنا گھن کے معنی گھنے کے ہیں ۔