اردو محاورات کا تہذیبی مطالعہ |
|
قصائی کا پلاّ قصائی کے کھونٹے باندھنا، قصائی کی نظر دیکھنا "قصابی" مسلمانوں میں ایک قوم کا پیشہ ہے وہ جانور کاٹتی اور اُن کا گوشت بیچتی ہے ظاہر ہے کہ قصائی کی نظر یا اس کے گھر پر ہونا ایک مخالف دشمن یا قاتل کے قبضے میں ہونا ہے وہ اگر دیکھے گا تو سخت اور کرخت نظر سے دیکھے گا سلوک کرے گا تو برا سلوک کرے گا جو گائے یا بکری قصائی کے کھونٹے بندھی ہو گی اس کو تو کٹ ہی جانا ہے ایسی صورت میں جو آدمی ہر طرح نقصان میں ہوتا ہے اور جسے کبھی بھی قتل کیا جا سکتا ہے اس کے لئے کہا جاتا ہے کہ وہ قصائی کے کھونٹے بندھا ہے اس سے معاشرے میں جو ظالمانہ سلوک ہوتا ہے اور ہوتا رہا ہے اس کی طرف اشارہ کرنا مقصود ہوتا ہے۔قصّہ پاک کرنا، قصبہ پاک ہونا، قصہ مختصر ہونا۔ قصّہ در قصہ ہونا قصہ کہانی کا ہماری زندگی سے گہرا رشتہ ہے اور دیکھا جائے تو ہمارا پورا کلچر قصوں کہانیوں میں سمیٹا ہوا ہے کہانی مختصر بھی ہوتی ہے قصّہ در قصہ بھی داستان در داستان بھی کہیں کہیں قصّہ کو مختصر کر دیا جاتا ہے اور کہیں وہ رام کہانی بن جاتی ہے اس سے ہم اندازہ کر سکتے ہیں کہ قصہ کا اپنے مختلف اسالیب کے ساتھ ہمارے ذہن ہماری زندگی اور ہماری زبان سے کیا رشتہ ہے اسی کو ہم قصے کے بارے میں جو مختلف محاورے ہیں ان کے لفظ و معنی میں بھی دیکھ سکتے ہیں ۔ قصّہ پاک ہونا یعنی بات ختم ہوئی قصہ سمٹ گیا جھگڑا ختم ہوا اور بات ایک طرف ہو گئی قصّہ کو تاہ کر دیا گیا یا قصّہ کو تاہ ہوا۔