اردو محاورات کا تہذیبی مطالعہ |
|
بہت غرور کرتا ہے یا پھر غرہ بتاتا ہے جس کے معنی ہوتے ہیں اِدھر اُدھر کے بہانے کرنا۔ چاند ہوتا ہے تو وہ غرّہ بتا تا ہے مجھے یہ مصرعہ اسی محاورے کو پیش کرتا ہے اِس سے ہم اپنے معاشرے کے مزاج کو جان سکتے ہیں کہ عام طور پر لوگوں کا رو یہ دوسروں کے ساتھ کیا رہتا ہے۔غسل کی حاجت ہونا یہ ایک خاص طرح کا محاورہ اور اِس سے یہ مراد لیا جاتا ہے کہ مذہبی طور پر بد خواب ہونے یا عورت سے ہمبستر ہونے کے بعد غسل واجب ہو جاتا ہے اس طرح کا مسئلہ دوسری قوموں میں بھی موجود ہو سکتا ہے لیکن مسلمانوں میں خاص طور پر اس کا اہتمام کیا جاتا ہے اور خیال رکھا جاتا ہے کہ اگر ایسی کوئی صورت ہو تو پاکی حاصل کرنے کے لئے غسل کر لیا جائے۔غش ہونا، یا غش کھا کر گِر جانا یہ کمزوری میں ہو سکتا ہے اور کچھ خاص حالات میں جیسے خون کو دیکھ کر طبیعت پر غشی طاری ہونا یا کسی خوفناک منظر سے غیر معمولی تاثر لینا یا پھر کسی کے حُسن و جمال پر بے طرح عاشق ہو جانا۔ اور اپنے ہوش و حواس میں نہ رہنا جسے غش ہونا کہتے ہیں اور کمزوری کے باعث ہوش کھو دینا غش آ جانا کہلاتا ہے جس کے معنی ہوتے ہیں غشی طاری ہونا۔غصّہ پینا، غصّہ تھوک دینا، غصّہ دلانا، غصہ آنا ہماری انسانی عادتوں فطری کمزوریوں اور سماجی رویوں میں جو بات بطورِ خاص شامل رہتی ہے وہ بغض و نفرت حقارت بھی ہے اور اُن کے پس منظر میں موجود ہے غصہ میں آدمی کو اپنے اوپر قابو نہیں رہتا وہ شدید جذباتی عمل اور ردِ عمل کا شکار رہتا ہے اُس کی نفسیات میں عدم توازن پیدا ہو جاتا ہے یہاں تک کہ غصّہ میں آدمی خودکشی بھی کر لیتا ہے اور دوسرے کو قتل بھی کر دیتا ہے۔