صحبت اہل اللہ کی اہمیت اور اس کے فوائد |
ہم نوٹ : |
|
اکثر کانوں میں انگلی رکھ کر یہ شعر پڑھتے تھے ؎ اﷲ اﷲ کیا مزہ مرشد کے میخانے میں ہے دونوں عالم کا مزہ بس ایک پیمانے میں ہے تو پہلے ہم سوچتے تھے کہ یہ ایسے ہی گانے والے ہیں لیکن اب واقعی یقین آگیا کہ شیخ بہت بڑی نعمت ہےورنہ آدمی کو محض کتابیں پڑھ کر راستہ نہیں ملتا۔صراطِ مستقیم کتابوں سے نہیں ہے،اَنْعَمْتَ عَلَیْہِمْ سے ہے، یہ مبدل منہ کا بدل الکل ہے، اب سوال ہوتا ہے کہ جبالصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَ مبدل منہ ہے اور اﷲ والوں کا راستہ مُنْعَمْ عَلَیْہِمْہے تو پھر کتاب کی کیا ضرورت ہے؟ اﷲ والوں کے ساتھ جُڑ کر سب اﷲ والے ہوجائیں۔اس کا جواب کیا ہے بتاؤ؟ کتاب اﷲ جو ہے یہ ہمارے لیے عمل کا راستہ ہے اور اہل اﷲ ہمیں کتاب پر عمل کرنے کے لیے پیٹرول دیتے ہیں، کتاب اﷲ روشنی ہے پیٹرول نہیں ہے، کتاب اﷲ پر عمل کرنے کے لیے اہل اﷲ کی ضرورت ہے، تاکہ قوتِ عمل، ہمتِ عمل اور توفیقِ عمل نصیب ہوجائے، اﷲ کی محبت نصیب ہوجائے، محبت بھرا دل نصیب ہوجائے۔ ان کا دردِ دل، ان کی خشیت اور ان کی محبت ان کے پاس بیٹھنے والوں میں منتقل ہوجاتی ہے۔ تو کتاب اﷲ سے ہمیں صراطِ مستقیم اور مُنْعَمْ عَلَیْہِمْ کا پتا چلا اورتمام احکامِ شریعت کا علم ہوا اورا س کی تفسیر سرورِ عالم صلی اﷲ علیہ وسلم نے احادیث میں فرما دی کہ کتابوں کا وجود بھی ضروری ہے، کتاب اﷲ بھی ضروری ہے اور رجالُ اﷲ بھی ضروری ہیں۔ رجال اﷲ سے ہم کو کتاب اﷲ پر عمل کی توفیق نصیب ہوگی۔جن مولویوں نے شیخ نہیں پکڑا آپ ان کے عمل کوقریب سے دیکھیے!منبر پر نہ دیکھیے کہ دھواں دار تقریر کر رہا ہے، آپ ان کی نجی زندگی کو دیکھیں گے تو بہت سی باتوں میں عمل سے محروم پائیں گے۔کبھی کالا چشمہ پہن کے بد نظری کریں گے تاکہ کسی کو پتا نہیں چلے کہ کدھر دیکھتا ہے، بظاہر منہ ادھر ہے اور دیکھ اُدھر رہا ہے۔ علم پر عمل اہل اﷲ کی صحبت کے بغیر بہت مشکل ہے۔