صحبت اہل اللہ کی اہمیت اور اس کے فوائد |
ہم نوٹ : |
|
شیطان کے مکر سے بچنے کاآسان طریقہ اہل اللہ سے مصاحبت جس شخص نے بھی شیطان کے وسوسوں کاجواب دیا پاگل ہوگیا۔ایک وسوسہ کاجواب دیا،اس نے دوسرا پیش کردیا۔اب رات بھر بیٹھے ہوئے وسوسوں کا جواب دے رہے ہیں۔ بتایئے !کیا ہوگا، دماغ خراب ہوگا یانہیں؟آسان طریقہ یہ ہے کہ اس کوجواب ہی مت دیجیے۔بس یہی کہیے کہ اللہ! تیرا شکر ہے کہ تونے اس کااختیار وسوسہ ڈالنے تک ہی رکھا ،اور بزرگوں کے پاس آیئے جایئے ،ان کی صحبتوں کی برکت سےاللہ تعالیٰ ابلیس کے تمام مکرو کید کو ختم کردیتا ہےکیوں کہ اہل اللہ اسمِ ہادی کے مظہر ہیں،اسمِ ہادی کی تجلی ان پر ہوتی ہے، ان کے پاس بیٹھنے والوں پربھی وہ تجلی پڑجاتی ہے جس سے ان کوہدایت ہوجاتی ہے۔ اور ابلیس اللہ تعالیٰ کے اسمِ مُضل کامظہر ہے، گمراہ کرنے کی طاقت کاظہور اس پر ہوتا ہے۔ لہٰذا گمراہ لوگوں سے بھاگیے۔ اور اللہ کے خاص بندوں کی صحبت میں رہیے، جو بزرگانِ دین کے صحبت یافتہ ہیں۔ اسمِ مُضل کے مقابلے میں اسمِ ہادی کے سائے میں آجایئے۔صحبتِ اہل اللہ کی افادیت پر ایک مثال ریل میں انجن سے فرسٹ کلاس کے ڈبے بھی لگے ہوتے ہیں جو نہایت شاندار ہوتے ہیں۔سیٹیں بھی نہایت عمدہ ہوتی ہیں اور اسی ریل میں تھرڈ کلاس کے ڈبے بھی جڑے ہوتے ہیں جن کی سیٹیں بھی پھٹی ہوئی، اسکرو بھی ڈھیلے، چوں چوں کی بھی آواز آرہی ہے، ہل بھی رہے ہیں، لیکن اگر صحیح طرح ریل سے جڑے ہوئے ہیں تو جہاں فرسٹ کلاس کے ڈبے پہنچتے ہیں تھرڈ کلاس کے ڈبے بھی چوں چاں کرتے ہوئے وہیں پہنچ جاتے ہیں۔اسی طرح اللہ والوں سے جڑ جاؤ۔ ان سے صحیح تعلق پیدا کرلو۔اس کافائدہ یہ ہوگا کہ اگر عمل میں ان جیسے نہ بھی ہوسکے کچھ کمی بھی رہی تو بھی ان شاء اللہ تعالیٰ !اس تعلق کی برکت سے توبہ واستغفار وندامت کے سہارے ان کے ساتھ ہی محشور ہوں گےاور جنت تک پہنچیں گے۔